ٹیکس گزاروں کو  60 گھنٹے میں ریلیف دیا جائیگا ؛آصف جاہ 

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ ٹیکس شکایات کے ازالہ کی زیادہ سے زیادہ مدت 60 دن ہے۔ تاہم ان کی خواہش ہے ٹیکس دہندگان کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ کام 60 گھنٹے میں کیا جا ئے۔وہ گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ پر خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کے دفاتر کا نیٹ ورک مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے پورٹل کو وی باک اور پرال کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے اور ٹیکس دہندگان کو اپنی ٹیکس شکایات کے اندراج میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک موبائل ایپ بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کی سہولت کے لیے چیمبر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے سہولت سنٹر کا بھی افتتاح کیاتا کہ تاجر برادری ٹیکس مسائل کے بہتر حل کیلئے اس سے استفادہ حاصل کر سکے۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے ٹیکس دہندگان کو سستا انصاف فراہم کرنے اور ان کی ٹیکس شکایات کا جلد ازالہ کرنے کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب بزنس کوآرڈ نیٹرز کے عہدوں کو تشکیل دے رہا ہے۔ جس میں آئی سی سی آئی کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن