الحمراء میں دس روزہ 24ویں ڈرامہ فیسٹیول کا آغاز 

Jan 21, 2022

لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں دس روزہ 24واں ڈرامہ فیسٹیول شروع ہوگیا ۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے کوویڈ ایس او پیزپر عمل کرنے پر شائقین کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تھیٹر فیسٹیول سماجی و معاشرتی زندگی میں خوشگوار اثرات مرتب کرئے گا،الحمراء میں ڈرامہ پر کام کرنے والوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے،نوجوان اداکاروں کے لئے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو عوام کے سامنے پیش کریں۔فیسٹیول کے پہلے روز ماس فاؤنڈیشن کا نامور ڈرامہ نویس احمد ندیم قاسمی کا لکھا ڈرامہ ’’پرمیشر سنگھ‘‘ پیش کیا جائے گا۔ڈرامہ ’’پرمیشر سنگھ‘‘ ماس فاؤنڈیشن کے صدر عامر نواز نے ترتیب دیا ہے،جبکہ اس میں نوجوان آرٹسٹوں عامر علی،تنویر خالد،ظہیر تاج، زویاقاضی،ایشاملک،عمران مانی،حماد،افضل،ذوالفقار مغل،منصور بھٹی،احمد چوہدری اور ریحان احمد نے شاندار پرفارم کیا۔ ترجمان الحمرا کے مطابق ’’پرمیشر سنگھ‘‘ ڈرامہ دیکھنے والوں کے لئے کسی تحفہ سے کم نہ تھا، جس میں برصغیر کے ایک لیجنڈ مصنف کو کہانی کو پیش کیا گیا، معروف شاعرہ امریتا پریتم کی شاعری کوبھی ڈرامہ کاحصہ بنایا گیا ہے،کہانی کو متاثر کن انداز میں ناضرین کے سامنے پیش کیا گیا۔ڈرامہ الحمراء فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا گیا۔ فیسٹیول کے دوسرے روز عکس تھیٹر گروپ کا ڈرامہ ’’جنون‘‘ پیش کیا جائے گا۔ڈرامہ دیکھنے والے شائقین کے لئے ویکسینٹڈ ہونا لازمی ہے،ویکسنیٹڈ شدہ افراد اپنا کارڈ ہمراہ لائیں،صرف 50فیصد عوام کو ہال میں ڈرامہ دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

مزیدخبریں