علی پور چٹھہ(نامہ نگار)2021 میں بھی علی پور چٹھہ گوناں گوں مسائل کی آماجگاہ بنا رہا۔علی پور چٹھہ حافظ آباد روڈ گزشتہ تین دہائیوں سے تین ہی مختلف قومی حلقوں پر واقع ہونے کے باوجود زبوں حالی کاشکار ہے جس پر متعدد المناک و خونی حادثات ہوچکے ہیں۔ وزیرآباد علی پور چٹھہ کوٹ ہرا روڈ عرصہ دراز سے تعمیری مراحل میں ہے۔قادرآباد سے گوجرانوالہ روڈ کا تعمیری کام پر اسرار طور پر تعطیل کا شکار ہے۔وزیرآباد فیصل آباد لوکل ٹرین روٹ بند ہونے سے ریلوے اسٹیشن ٹوٹی پھوٹی بلدنگ، پانی، بجلی،سیوریج سسٹم کی ناکافی سہولیات کے سبب بھوت بنگلہ نظر آتا ہے۔ ملک کا سب سے بڑا سرکاری محکمہ واپڈا کرپشن کے سبب زبوں حالی کا شکار ہے دھماکوں سے پھٹتے اوورلوڈ بوسیدہ ٹرانسفارمر شہریوں کیلئے وبال جان ہیں جبکہ گلیوں بازاروں سڑکوں پر لٹکتے بجلی کے ننگے جوڑ مسلسل خطرہ ہیں۔ ناقص ترین سیوریج سسٹم اکثر بارشوں میں بند ہونے گلیاں بازار سڑکیں زیر آب آنے پر لوگ گھروں میں محصور ہو جاتے ہیں۔ڈھکنوں کے بغیر ابلتے گٹروں سے راہگیروں اور نمازیوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ سابق وزیراعلی پنجاب کی طرف سے میونسپل سٹیڈیم، ٹیکنیکل کالج،بس سٹینڈ کی تعمیر و دیگر ترقیاتی سٹریکچر کے اعلانات ابھی تک طفل تسلیاں ثابت ہوئے ۔علی پور چٹھہ کے عوامی سماجی حلقوں نے وزیراعلی پنجاب پر زور دیا کہ علی پور چٹھہ کے لیے گرینڈ ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔
علی پور چٹھہ مسائل کی آماجگاہ،سیوریج سسٹم جام،گلیاں جوہڑ بن گئیں
Jan 21, 2022