لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کیا جس میں دو پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم اور فخر زمان شامل ہیں۔آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر کی طرح بابر اعظم کو ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا بھی کپتان مقرر کیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ 11 رکنی ون ڈے ٹیم میں بابر اعظم، مشفق الرحیم، فخر زمان، پال سٹرلنگ، جینیمن ملان، راسی وین ڈر ڈوسن، شکیب الحسن، ونیندو ہسارنگا، مستفیض الرحمٰن، سیمی سنگھ اور دشمنتھا چمیرا شامل ہیں۔آئی سی سی نے کہا کہ بابر اعظم نے گزشتہ سال صرف 6 ون ڈے میچز کھیلے لیکن وہ پھر بھی دو سنچریوں کی مدد سے 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ پاکستانی کپتان نے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے مشکل دوروں میں اہم کردار ادا کیا، جس کی بنیاد پر دونوں دوروں کے اختتام پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔انہوں نے برمنگھم میں ایک یادگار سنچری بھی سکور کی جس سے باؤلرز کو مدد ملی۔آئی سی سی نے 2021 میں قومی ٹیم کے ون ڈے میچوں میں فخر زمان کے شاندار سکورز کی بھی تعریف کی اور کہاکہ اوپنر فخر زمان نے 6 میچز کھیلے اور دو سنچریوں کیساتھ 60.83 کی اوسط سے مجموعی طور پر 365 رنز بنائے۔آئی سی سی نے ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کر دیا‘کین ولیمسن کپتان جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فواد عالم ، شاہین آفریدی ، حسن علی ، مارنس لابوشین، جو روٹ ، روہت شرما ، رشبھ پنت ، دیمتھ کرونا رتنا ، روی چندرن ایشون اور کائل جیمیسن شامل ہیں۔
بابر اعظم آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر کے بھی کپتان
Jan 21, 2022