مکتوب عمان
رپورٹ : سید زیب حسن جعفری
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی طور پر ہمارے سفارتی تعلقات کو بھرپور استحکام کی شاہراہ پر تیزی سے کام کرنے کی غرض سے جو بصیرت افروز لائحہ عمل اختیار کیا ہے . اسے حقیقی معنوں میں نتیجہ خیز بنانے میں ہمارے سفارت خانوں کی کار کردگی نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔ مسقط میں پاکستانی سفارتخانے کے لئے یہ امر ایک گراں بہا اعزاز کا درجہ رکھتا ہے کہ رب کریم نے اسے قومی جذبہ خدمت ، اعلی پیشہ وارانہ خداداد صلاحیتوں ، دانشمندانہ سفارتی حکمت عملی ، حسن اخلاق ، عوام دوستی اور انتھک عملی تگ و دو کی گہری لگن سے سرشار احسن وگن جیسے سفیر پاکستان سے نوازا ہے۔ انہوں نے عمان میں اپنے سابقہ سفارتی دور میں بطور قائم مقام سفیر پاکستان جو شاندار خدمات انجام دیں . وہ بلاشبہ سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ اس وقت بھی ہمیشہ ان کے سر پر یہی دھن سوار رہتی تھی کہ ہمارے برادر ہمسایہ ملک عمان اور وطن عزیز پاکستان کے مابین بالخصوص تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون عملا اوج کمال تک پہنچے اور عمان میں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم ہوں اور پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ان کو درپیش مسائل کے فوری حل اور ان کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کے ضمن میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ احسن وگن عمان میں بطور سفیر پاکستان تعیناتی کے آغاز ہی سے اپنے مذکورہ بالا اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے .جس قومی جوش و جذبے اور تندہی سے مسلسل اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں . وہ اس بات کے متقاضی ہیں کہ انہیں نتیجہ خیز بنانے کے لیے حکومت پاکستان احسن وگن کو عمان میں بحیثیت سفیر پاکستان مزید کچھ برس خدمات کی انجام دہی کا موقع فراہم کرے۔
عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین انجینیئر رضا جمعہ الصالح اور سفیر پاکستان احسن وگن کی مشترکہ قیادت میں اعلی سطحی عمانی تجارتی وفد کا شاندار تکمیل سے ہمکنار ہونے والا پاکستان کا حالیہ دورہ سفیر موصوف کی مدبرانہ شبانہ روز کاوشوں کا مرہون منت ہے .جس کے دونوں ممالک کے تجارتی اور اقتصادی شعبوں پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔ اس غیر معمولی اہمیت کے حامل تجارتی دورے کی تفصیل کچھ یوں ہے۔
سرکردہ اور معروف عمانی ، صنعتکاروں ، تاجروں اور کاروباری شخصیات نیز عمان میں مقیم صنعت و حرفت ، تجارت اور کاروبار سے منسلک نمایاں طور پر اہم پاکستانی شصیات پر مشتمل 30 رکنی تجارتی وفد کے مسقط سے کراچی پہنچنے پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا ، سیکرٹری برائے وزارت مذہبی امور آفتاب جہانگیر ، ڈی جی وزیراعلی ہاﺅس سندھ اور پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر نے اس اعلی سطحی تجارتی وفد کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وفد نے کراچی میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیر اعلی ہاﺅس میں ملاقات کی ، جس میں سندھ کے وزیر برائے صنعت اکرام دھاریجو اور وزیراعلی سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ قاسم نوید بھی شریک تھے اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے او سی سی آئی اور سندھ حکومت کے درمیان دو طرفہ صنعتکاری کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ او سی سی آئی کے چیئرمین انجینیئر رضا جمعہ الصالح نے فشریز کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ او سی سی آئی سندھ کے زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ سید قاسم نوید نے سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سی پیک کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ بھی دی۔ وفد کی سندھ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی گورنر ہاﺅس میں ملاقات ہوئی۔ اسکے بعد وفد نےفیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کےدرمیان 2015 میں بننے والی جوائنٹ بزنس کاﺅنسل کو دوبارہ فعال کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی گئی۔ وفد نے کراچی چیمبر آف کامرس اور اسلامک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بھی دورہ کیا ، جہاں وفد کی کچھ مقامی وفود کے درمیان بزنس ٹو بزنس میٹنگز بھی ہوئیں۔ سفیر پاکستان احسن وگن اور انجینئر رضا جمعہ الصالح نے پاکستان ٹیلی ویڑن کے پروگرام کاروبار کی بات میں بھی شرکت کی۔ کراچی کے کامیاب دورے کے بعد وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا .جہاں دونوں اطراف سے مختلف معاہدوں کا تبادلہ کیا گیا۔ اس موقع پر او سی سی آئی کے چیئرمین نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ہم ان معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ اسلام آباد میں عمان کے تجارتی وفد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی. جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مزید بہتری پر زور دیا گیا۔ پھر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 20 سال بعد عمان کا تجارتی وفد پاکستان کے دورے پر آیا ہے۔ اس ملاقات میں او سی سی آئی کے چیئرمین نے عمان اور پاکستان کے ساحلی شہروں کے درمیان فیری سروس ، سی پیک منصوبوں ، گوادر میں صنعتکاری ، زرعی شعبوں نیز عمان اور پاکستان کے درمیان زمینی اور سمندری راستوں پر مشتمل ایک مجوزہ کوریڈور میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ یاد رہے کہ یہ منصوبہ مشرق وسطی ، وسطی ایشیا ، افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا کو آپس میں ملائے گا ، جس میں پاکستان کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی۔ اس موقع پر سفیر پاکستان نے وزیراعظم کو عمان میں کورونا کی وبا کے دوران اپنے ہم وطنوں کو راشن کی فراہمی اور پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ عمانی حکومت کے تعاون کے بغیر یہ سب ناممکن تھا۔ اس اجلاس میں وفاقی وزرا شوکت فیاض ترین ، مخدوم خسرو بختیار ، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد اور سی پیک کے حوالے سے معاون خصوصی خالد منصور نے بھی شرکت کی۔ اس کے بعد وفد نے صدر پاکستان عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ آف پاکستان محمد صادق سنجرانی کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا بندوبست کیا گیا .جس میں سفیر پاکستان نے بتایا کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئےعمانی الفجر گروپ کی جانب سے مری اور نتھیا گلی میں فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں ابھی تک تقریبا ایک بلین روپے کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے جبکہ اس پورے پراجیکٹ پر تقریبا 10 بلین روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے سے متعلقہ مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ اس ضمن میں ایک اور خوش آئند پیش رفت یہ ہوئی کہ عمان اور پاکستان کے درمیان فارما سیوٹیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی معاہدہ کیا گیا۔
اسلام آباد کے دورے کی کامیابی کے بعد لاہور میں وفد کو وزیراعلی ہاﺅس میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ اگلے روز وفد نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی. جس میں گورنر پنجاب نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اسکے بعد وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا . جہاں وفد کے لئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا اور تجارتی حوالے سے میٹنگز بھی ہوئیں۔ اس دوران میں عمانی وفد اور مقامی وفود کے درمیان چاول ، گوشت ، فوڈ اور سکیورٹی کے حوالے سے کامیاب بات چیت کی گئی۔ بعد ازاں وفد کو خصوصی طور پر واہگہ بارڈر کا دورہ کروایا گیا . جہاں پر عمانی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ اعلی سطح کے اس اہم عمانی تجارتی وفد کے اعزاز میں عمان میں ممتاز و معروف پاکستانی صنعتکار اور پاکستان میں الکرم گروپ کے چیئرمین ، چوہدری محمد اسلم کی جانب سے لاہور کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں شاندار استقبالیہ عشائیے کا عمدہ اہتمام کیا گیا . جس میں مہمان خصوصی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عمانی تجارتی وفد کے اراکین کو الکرم گروپ کی جانب سے یادگاری نشانات دیے۔ جبکہ عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین ، انجینیئر رضا جمعہ الصالح نے تقریب کے میزبان چوہدری محمد اسلم کو عمانی تجارتی وفد کی بھرپور پذیرائی پر یادگاری شیلڈ دی۔ سرکردہ پاکستانی صنعتکاروں ، تاجروں اور کاروباری شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے بھی اس یادگار عشائیے میں شرکت کی۔ اس نہایت اہم اور بے حد کامیاب تجارتی دورے کے محرک و روح رواں ، ہردلعزیز سفیر پاکستان احسن وگن سمیت عمانی اور پاکستانی مہمانوں نے بھی چوہدری محمد اسلم کی اس پرتکلف مہمان نوازی کے فیاضانہ قومی جذبے کو خوب سراہا۔
پاکستان کے اس نہایت کامیاب چھ روزہ عمانی تجارتی دورے سے واپسی پر سفیر پاکستان احسن وگن کا مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعدد گلدستوں سے شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں موجود پاکستانی اور عمانی شہریوں نے اس انتہائی کامیاب تجارتی دورے پر سفیر پاکستان کو مبارکباد دی۔ سفیر موصوف نے ان کو اپنے دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور یہ بھی کہا کہ اس کامیاب اور مثالی دورے کے مثبت نتائج جلد ہی نظر آنا شروع ہو جائیں گے .