فرانسیسی کمپنی والنیوا کو اس سہ ماہی میں یورپ اور برطانیہ میں ریگولیٹرز سے منظوری ملنے کی توقع ہے،رپورٹ
فرانس کی دواساز کمپنی والنیوا ایس ای نے کہا ہے کہ اس کی کووِڈ19ویکسین کی تیسری خوراک نے لیبیارٹری کے ابتدائی مطالعات میں اومیکرون کو بے اثرکردیا ہے۔ان نتائج نے اس ویکسین کے امکانات کو روشن کردیا ہے اوراب فرانسیسی کمپنی اس کی منظوری کی خواہاں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق کمپنی نے ایک بیان میں بتایا کہ لیب میں 30 شرکا پر ویکسین کی جانچ کی گئی ہے۔ان کے خون کے ٹیسٹ سے پتا چلا ہے کہ 26 نے بوسٹرشاٹ (تیسری خوراک)کے بعد اومیکرون کو بے اثر کردیا۔تمام 30 نے ڈیلٹا شکل کے خلاف قوت مدافعت کو پیدا کیا ۔والنیوا نے کہا کہ اصل تنا کے مقابلے میں بے اثری کی شرح ڈیلٹا کے لیے 2.7 گنا کم اور اومیکرون کی 16.7 گنا کم تھی۔کمپنی کے کلینکی جانچ کے یہ نتائج ایک خوش آیند پیش رفت ہیں۔ایک قومی ٹرائل میں سات ویکسینوں کو بوسٹرز کے طورپر آزمایا گیا ہے لیکن انھوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔والنیوا کو اس سہ ماہی میں یورپ اور برطانیہ میں ریگولیٹرز سے منظوری ملنے کی توقع ہے۔ کمپنی کو پہلے ہی یورپی یونین کو چھے کروڑ تک خوراکیں مہیا کرنے کا آرڈرمل چکا ہے۔اس نئی پیش رفت کے بعد والنیوا کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں 30 فی صد تک اضافہ ہواہے اور پیرس میں 20 فی صد اضافے کے ساتھ اس کے حصص کا کاروبار 16.54 یورو پر بند ہوا۔