قومی اسمبلی کا اجلاس آج(جمعہ) پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں پریذائیڈنگ افسر امجد علی خان کے زیرصدارت دوبارہ شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر ایوان نے گزشتہ روز لاہور بم دھماکے میں جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی۔توانائی کے وزیر حماد اظہر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں گیس چوری برداشت نہیں کی جائے گی۔آج(جمعہ) قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اطمینان ظاہر کیا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈ نے گزشتہ تین برسوں میں اپنے نظام کے نقصانات کو بارہ اعشاریہ پانچ فیصد سے کم کرکے آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ میں مزید بہتری لانیکی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملکی گیس کے ذخائر سالانہ نو فیصد کی شرح سے کم ہورہے ہیں۔توانائی کے وزیر حماد اظہر نے پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ ترمیمی بل دوہزار بائیس ایوان میں پیش کیا۔ ایوان نے آج دو قرار دادیں منظور کیں جن میں ڈپلومیٹک اینڈ قونصلر آفیسرز۔حلف اور فیس۔ ترمیمی آرڈی نینس دوہزار اکیس اور قومی رحمت اللعالمین اتھارٹی آرڈی نینس دوہزار اکیس کو مزید ایک سو بیس روز کیلئے توسیع دی گئی ہے۔ موجودہ مالی سال کیلئے وفاقی حکومت کی فوری ادائیگیوں کا بیان ایوان میں پیش کیا گیا۔ سال دوہزار بارہ سے اٹھارہ کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل اور اسلامی قانون وراثت کی سالانہ رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی گئیں۔ ایوان نے آج ایک تحریک منظور کی جس میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 48 ویں اجلاس کیلئے اسمبلی کا ہال استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے جو مار چ میں ہوگا۔تحریک وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیش کی۔ایوان کاا جلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔