لاہور(نیوزرپورٹر) نیشنل کالج آف آرٹس کے بیچلرز ڈگری شو 2022کا آغاز ہو گیا۔ ڈگری شو میں انسٹیٹیوٹ کے تمام شعبوں کے پاس آوٹ طلبا و طالبات کے فن پارے ڈسپلے کئے گئے۔ جسے آرٹ کے شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔ شو کا افتتاح چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے کیا ۔چیف سیکرٹری نے طلباء کی تخلیقی سوچ اور کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس شو سے طلبا طالبات کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے جس کیلئے این سی اے انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ۔وائس چانسلر نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری کا کہنا تھا کہ این سی اے کا بیچلرز ڈگری شو پاکستان کا سب سے منفرد اور تخلیقی آرٹ پر مشتمل ڈگری شو ہوتا ہے۔ اس شومیں شعبہ فائن آرٹ، ویڑول کمیونیکیشن ڈیزائن، ٹیکسٹائل ڈیزائن، سرامکس ڈیزائن، پروڈکٹ ڈیزائن، آرکیٹکچر، فلم اینڈ ٹیلی ویڑن اور میوزیکالوجی سے پاس آوٹ ہونے والے طلبا و طالبات کو اپنی بھرپور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا ہے۔ ہر سال نہ صرف پاکستان بلکہ مختلف ممالک سے ہزاروں افراد کی تعداد دیکھنے کیلئے آتی ہے اور طلبہ و طالبات کے کام کی تعریف کرتی ہے۔
نیشنل کالج آف آرٹس کے بیچلرز ڈگری شو 2022ء کا آغاز ،فن پاروں کا ڈسپلے
Jan 21, 2023