اوپن یونیورسٹی نئی نسل کی راہنمائی کیلئے  دانشوروں کی آرکائیوز بنا رہی ہے 

Jan 21, 2023


اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نئی نسل کی راہنمائی اور انہیں تاریخ سے جوڑنے کے لئے دانشوروں کی آرکائیوز بنا رہی ہے، افتخار عارف، پروفیسر فتح محمد ملک اور کشور ناہید کے انٹرویوز سے اگلے ہفتے کام کا آغاز کیا جارہا ہے" یہ اعلان یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسی لینس کے منتظم اعلی، محمد رفیق طاہر نے اقبالیات، تصوف اور فکر اسلامی چئیرکی "جائزہ اور اشاعتی کمیٹی"کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔اجلاس کی صدارت اقبال چئیرکے صدر نشین پروفیسر فتح محمد ملک نے کی،اجلاس میں اقبالیات، تصوف اور فکر اسلامی چئیرکی دو کتابوں "تصور پاکستان "اور راست اقدام "کا مسودہ پیش کیا گیا،یہ فیصلہ کیا گیا  دونوں مسودوں پر نظر ثانی کے بعد کتابوں کو شائع کیا جائے گا۔پروفیسر فتح محمد ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے تحریک پاکستان سے پاکستان بننے تک کے سفر کو ملحوظ خاطر رکھ کر دونوں کتابوں کے موضوعات کا انتخاب کیا تھا۔کتاب "تصور پاکستان" فتح محمد ملک نے لکھی ہے جبکہ دوسری کتاب"راست اقدام"ڈاکٹر معین الدین عقیل نے لکھی ہے۔

مزیدخبریں