اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے وفاقی دارالحکومت میں وکلاء کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق کیس میں سی ڈی اے کی جانب سے ورک آرڈر جاری کرنے اور 23جنوری سے کام شروع کرنے کی یقین دہانی پر سماعت ملتوی کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران اسلام آباد بار کونسل کے ممبر عادل عزیز قاضی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قیصر امام اور دیگر عدالت پیش ہوئے۔ دوران سماعت سی ڈی اے کی جانب سے 23 جنوری سے جوڈیشل کمپلیکس پر کام شروع کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹھیکیدار کو ورک آرڈر جاری کردیا ہے، پیر تک کام شروع ہوجائے گا۔ چیف جسٹس نے کہاکہ جب کام شروع ہوگا تب دیکھیں گے کہ واقعی شروع ہوگیا ہے، اب آپ کہہ رہے ہیں سمری بھیجیں گے پیسے آجائیں گے، ایسا نہ ہو آپ کنٹینر رکھ کر کہیں کام شروع ہوگیا ہے، سی ڈی اے حکام نے کہا کہ ٹھیکیدار کو ادائیگی کے لیے 280 ملین روپے منظور ہوگئے ہیں، عدالت نے کیس کی سماعت 24 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔