اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے قانونی رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ پانچ کرداروں نے ہمارے کیخلاف رجیم چینج آپریشن کیا۔ ان میں جنرل (ر) باجوہ‘ فیض حمید‘ عمران‘ نثار‘ کھوسہ شامل ہیں۔ عمران اور ہمارے بیانیے میں فرق ہے۔ اس کا بیانیہ ہے کہ میری مدد کیوں نہیں کی۔ ہمارا بیانیہ ہے ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں۔ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ جائے گی۔ لندن اور پاکستان میں انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت ہوئی۔ نواز شریف نے انتخابات کیلئے پارلیمانی بورڈ کے ارکان کے نام فائنل کر لئے۔ پارلیمانی بورڈ امیدواروں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرے گا۔ پارلیمانی بورڈ کی صدارت نواز شریف کریں گے اور وہ پاکستان میں ہوں گے۔ امیدواروں کے انٹرویو نواز شریف خود کریں گے۔ پاکستان میں انتخابی مہم کو نواز شریف لیڈ کریں گے۔ تجویز ہے 6 یا 7 سینئر عہدیدار انتخابی مہم کیلئے اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں۔ مریم نواز 26 جنوری کو لندن سے روانہ ہو کر 27 کو پاکستان میں ہوں گی۔ دریں اثناء وزیر داخلہ نے خیبر میں تختہ بیگ میں پولیس چیک پوسٹ پر خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے دو شہید پولیس اہلکاروں اور لکی مروت، وانڈہ احسان میں دہشتگردوں کے خلاف پولیس کی بھرپور کارروائی پر افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دفاع وطن کا فرض ادا کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے بیٹے ہمارے ہیروز ہیں۔ صوبے بالخصوص خیبر پی کے محکمہ پولیس کو بہتر بنائیں۔ وزیر داخلہ نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
رانا ثناء