اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے تاجروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے بھرپور استفادہ کریں ، پاکستان 22 کروڑ سے زائد آبادی کی مارکیٹ ہے جہاں توانائی، انفراسٹرکچر، ای کامرس، زرعی صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ان کے منتظر ہیں۔ جمعہ کو خلیج ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 22۔2021 کے دوران 25.40 فیصد اضافہ کے ساتھ 10 ارب 60 کروڑ ڈالر تھا تاہم دوطرفہ تجارت کی یہ سطح اب بھی دونوں ممالک کے تعلقات کی صحیح عکاس نہیں ہے، ہم اپنے موجودہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ پاکستانی تارکین وطن کی بہبود کے حوالہ سے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور اس کی قیادت کے اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، 17 لاکھ پاکستانی عزت و احترام کے ساتھ اپنا روزگار کما رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستی کی بنیاد رکھی، ان کی خواہش تھی کہ پاکستان کا شمار سرکردہ، خوشحال اور ترقی یافتہ ممالک میں ہو، ہم ان کی فیاضی اور سخاوت کو تادیر یاد رکھیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر جلد منتقلی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کی فی ایکڑ لاگت میں کمی آئے گی بلکہ ڈیزل اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہونے سے قیمتی زرِ مبادلہ کی بھی بچت ہوگی. وزیر اعظم نے وفاقی وزیر بجلی، سیکٹری پاور اور ان کی ٹیم کی جانب سے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے پیش کی گئی تجاویز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کسان پیکیج پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی اقدامات اٹھا رہی ہے. کسان پیکیج میں چھوٹے کاشتکاروں کو قرضوں کے حصول میں سہولت، بیج کی بروقت فراہمی، زراعت میں جدید مشینری کی حوصلہ افزائی اور ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا شامل ہیں. وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور حکام کو ہدایت کی کہ کسان پیکیج کے حوالے سے ملک بھر کے کسانوں کی تمام تنظیموں کو مشاورت کا حصہ بنایا جائے اور کسان پیکیج پر عملدرآمد کیلئے صوبوں سے مشاورت و تعاون بھی یقینی بنایا جائے. اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خوردنی تیل کی پیداوار مزید بڑھانے کیلئے حکمت عملی ایکسپرٹس کی کمیٹی کی مشاورت سے تشکیل دی جائے. وزیر اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے جدید اور کلائمیٹ ریزیلیئنٹ بیج متعارف کروانے کے اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے. وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو کسان پیکیج پر عملدرآمد اور ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر اعظم نے ان تمام اقدامات پر معینہ مدت میں عملدرآمد یقنی بنانے کی ہدایت جاری کیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کو فٹ بال ٹورنامنٹ میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان قومی ٹیم کا دوسری پوزیشن پر آنا ہمارے لئے اعزاز اور قابل فخرہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی خاتون فٹ بالر ماریہ خان کی جانب سے شاندار گول سکور کرنے پر انہیں خصوصی مبارکباد دیتے ہیں۔
شہباز شریف
اماراتی تاجروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع استفادہ کریں : شہباز شریف
Jan 21, 2023