اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے ریکٹر نسٹ یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید محمود بخاری کی ملا قات کی۔ تفصیلا ت کے مطا بق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے ریکٹر نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید محمود بخاری نے ملاقات کی اور ادارے کی کارکردگی پر وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ ملا قات میں ،بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں اعلی تعلیم بالخصوص سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے نسٹ یونیورسٹی کے خضدار کیمپس کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اسکو عملی جامہ پہنانے کے لئے ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی چیرمین بورڈ آف گورنرز کو مراسلہ بھیج کر اس کے قیام کے ضرورت سے آگاہ کرے گی۔ وفاقی وزیر کی ہدایات پر اسکے پی سی ون پر کام شروع کیا جائے گا اور آئندہ مالی سالی کے پی ایس ڈی پی میں اس پراجیکٹ کو شامل کیا جائے گا۔ملا قات کے دوران وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ کی ہدایات پر فوری طور پر نسٹ بلوچستان کیمپس کوئٹہ میں خضدار بلاک کے قیام کو عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں خصوصی طور پر خضدار اور دیگر بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے نوجوان طلبہ و طالبات کو ایڈمیشن دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قائد بی این پی، سردار اختر جان مینگل کے وڑن کے مطابق، بلوچستان کے نوجوانوں کو عصر حاضر کے جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ خضدار کیمپس کا قیام ، بلوچستان کے تعلیمی اور تحقیقاتی میدان میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔