گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ مافیا شہر قائد سے اپنا بستر گول کر لیں کیونکہ کراچی میں جہاں جہاں زمینوں پر قبضے ہیں سب ختم کرائے جا رہے ہیں گورنر سندھ نے چین کے قونصل جنرل کے ہمراہ پاک چائنا فرینڈ شپ پارک کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کراچی کو گرین اینڈ کلین بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، پارک کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کراچی کے لوگ تفریح سے محروم ہو چکے تھے، شہر میں جہاں زمینوں پر قبضے تھے سب ختم کیے جا رہے ہیں، الہٰ دین پارک پر تجاوزات تھیں، واگزار کرا لیا گیا ہے، مافیاز کراچی سے اپنا بستر گول کر لیں۔حالیہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ کا کہنا تھا بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا، جس طرح شہریوں کو پولنگ کے لیے نکلنا تھا وہ نہیں نکلے، بطور گورنر میرا سیاست میں کوئی کام نہیں ہے۔چین کے قونصل جنرل کا کہنا تھا اس طرح کے منصوبے مستقبل میں کراچی کے لیے بہتر ثابت ہوں گے، پاکستان چین دوستی ایک مثالی دوستی ہے، ہماری دوستی مظبوط سے مظبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔