ناصر محمود کھوسہ کی زیرصدارت 15 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جبکہ حکومتی اخراجات میں کمی لانے کیلئے وزارتوں اور ڈویژنز سے تجاویز بھی طلب کی جائیں گی: نوٹیفیکیشن حکومت کے غیرضروری اخراجات میں کمی لانے کیلئے 15 رکنی کمیٹی بنا کر باضابطہ طور پر نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومتی اخراجات میں کمی لائی جائے جس کیلئے ناصر محمود کھوسہ کی زیرصدارت 15 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جبکہ حکومتی اخراجات میں کمی لانے کیلئے وزارتوں اور ڈویژنز سے تجاویز بھی طلب کی جائیں گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق 15 رکنی کمیٹی کے اراکین میں وزیر مملکت خزانہ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور کابینہ، خزانہ، مشیران، پاور اور ہائوسنگ کے سیکرٹری کے علاوہ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور صوبائی چیف سیکرٹری کے علاوہ ماہرین معیشت فرخ سلیم، قیصر بنگالی، نوید افتخار اور زبیر خان کو ایگزیکٹو کارکن مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کے سربراہ ناصر محمود کھوسہ کو حکومتی یا نجی شعبے سے مزید ارکان نامزد کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے اور کمیٹی کے علاوہ وزارتویں اور ڈویژنز کی طرف سے حکومت کو غیرضروری اخراجات میں کمی کے ساتھ مالی ڈسپلن قائم کرنے کیلئے اپنی تجاویز فراہم کی جائیں گی جبکہ حکومتی حجم میں کمی کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حکومت کو اپریل میں تحریک عدم اعتماد کی صورت میں اقتدار سے باہر کرنے کے بعد سے قائم ہونے والی 13 جماعتی اتحادی حکومت کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے جبکہ ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں غیرمعمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ سیاسی، معاشی بحران کے ساتھ ساتھ مہنگائی نے بھی عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔