نیوزی لینڈ کی خاتون وزیرِ اعظم جیسنڈا آرڈرن کے اچانک استعفے کے بعد لیبر ایم پی کرس ہپکنز کو نیوزی لینڈ کے نئے وزیرِاعظم نامزد کر دیئے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ میں قدیم مقامی نسل ماوری سے تعلق رکھنے والے وزیرِ اعظم کے انتخاب کیلئے دبا ودیکھا گیا جس کے بعد ملک کے وزیرِاعظم کیلئے کرس ہپکنز کے علاوہ وزیرِ انصاف کیری ایلن اور وزیر امیگریشن مائیکل ووڈ کے نام زیرِ غور تھے۔ تاہم نیوزی لینڈ کے نئے وزیرِاعظم کیلئے لیبر ایم پی کرس ہپکنز کو نامزد کر لیا گیا ہے جنہیں اس عہدے پر براجمان ہونے کیلئے اتوار کو ایوان میں لیبر پارٹی کی جانب سے باضابطہ توثیق کے بعد نیوزی لینڈ کا نیا وزیرِاعظم مقرر کیا جائے گا۔ جیسنڈا 7 فروری کو باضابطہ طور پر اپنا استعفی گورنر جنرل کنگ چارلس 3 کو پیش کریں گی جس کے بعد اگر کرس ہپکنز کو ایوان نمائندگان کی جانب سے حمایت حاصل ہوئی تو گورنر جنرل انہیں وزیرِ اعظم مقرر کریں گے۔ 44 سالہ کرس ہپکنز پولیس تعلیم اور عوامی خدمت کے وزیر ہیں جو 2008 میں پارلیمنٹ کا حصہ بنے تھے۔ کرس ہپکنز عارضی طور پر نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کے عہدے کو سنبھال سکیں گے کیونکہ رواں سال اکتوبر میں عام انتخابات ہوں گے۔ یاد رہے کہ جینسڈا آرڈرن نے جمعرات کو انتخابات میں دوسری مدت حاصل کرنے کے تین سال سے بھی کم عرصے کے بعد اچانک عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔ اپنا جانشین منتخب کئے بغیر اچانک عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر کے جیسنڈا نے سب کو حیران کر دیا تھا جس کے بعد فوری طور پر عبوری وزیرِ اعظم کو منتخب کرنے کیلئے پارلیمنٹ سر جوڑ کر بیٹھ گئی تھی۔
جیسنڈا آرڈرن کے بعد کرس ہپکنز نیوزی لینڈ کے نئے وزیرِاعظم نامزد
Jan 21, 2023 | 16:55