لاہور (نوائے وقت رپورٹ) دھند اور شدید سردی کا راج برقرار ہے جبکہ پنجاب میں شدید سردی کی لہر بچوں کیلئے جان لیوا ثابت ہونے لگی۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نمونیا کے کیسز میں اضافہ ہوا۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا کے مزید 668کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ نمونیا سے 10 بچے جان کی بازی بھی ہار گئے۔ محکمہ صحت پنجاب نے بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف لاہور میں نمونیا کے 118 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک بچہ نمونیا کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ رواں سال کے دوران صوبے میں7 ہزار 743 بچے نمونیا سے متاثر ہوئے، اس دوران صوبے میں نمونیا سے 172بچوں کی اموات ہوئیں، نمونیا سے متاثر ہ بچوں کی عمریں 5 سال تک ہیں۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پتوکی میں ملتان روڈ نیو کچہری کے قریب ڈاالہ ایک ٹریکٹر ٹرالہ نمبری LXP-5133 سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق سرگودھا روڈ جھامکے کے قریب کار اور رکشہ میں تصادم کے نتیجہ میں 6 افراد ‘ شرقپور روڈ دھامونکے پل کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجہ میں 5 افراد‘ جی ٹی روڈ کی آبادی کالا شاہ کاکو کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور ڈالے وین میں تصادم کے نتیجہ میں 4افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شیخوپورہ مریدکے روڈ پر نجی کمپنی کا پیٹرول ٹینکرچھوٹی لنک نہر میں گرگیا، حادثہ میں ڈرائیور اورکنڈیکٹر زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا، جی ٹی روڈ پر رانا ٹاؤن قریب دو رکشے آپس میں ٹکرا گئے، تین افراد زخمی ہو گئے۔ این این آئی کے مطابق دھند کے باعث مزید 45 پروازیں منسوخ ہو گئیں، جبکہ 14 متبادل ایئرپورٹس منتقل کی گئیں۔ گزشتہ روز موسم کی خرابی سے سیالکوٹ سب سے زیادہ متاثر رہا۔ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ جدہ لاہور کی پرواز پی ایف 717 کو ایک گھنٹہ انتظار کے بعد کراچی میں لینڈ کرایا گیا۔ شارجہ، ابوظہبی، جدہ، دبئی، دوحہ، مسقط سے سیالکوٹ کی 6 پروازیں لاہور اتاری گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دبئی، ملتان، دمام، کویت سٹی سیالکوٹ اور کراچی جدہ کی پرواز اسلام آباد منتقل کی گئیں جبکہ سیالکوٹ شارجہ، دوحہ لاہور کراچی کی پروازیں منسوخ ہوئیں۔ لاہور شارجہ، لاہور جدہ، اسلام آباد کراچی کی پروازیں منسوخ کی گئیں۔ ملتان جدہ دبئی، کراچی دمام مسقط، جدہ ملتان گوادر پروازیں منسوخ کی گئیں۔