چین کا پاکستانی خودمختاری کی حمایت کا اعادہ، سی پیک کارنر کا افتتاح

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ اور چین کے نائب وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کی لائبریری میں سی پیک کارنر کا افتتاح کیا، چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ قابل اعتماد دوست اور بھائی کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ چین دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ چین کے نائب وزیر خارجہ نے چین کے بنیادی مسائل کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، چینی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لئے چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔ سن ویڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی، اور خوشحالی کے لئے بھی چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔ ترجمان وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ سیکرٹری خارجہ نے چین کے نائب وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا، سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں دونوں ممالک کی دوستی کو سیاسی، ادارہ جاتی اور عوامی حمایت حاصل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بین الاقوامی تعاون اور رابطے سے متعلق سی پیک مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس آج ہو گا۔ پاکستانی سیکرٹری خارجہ اور سن ویڈ ونگ صدارت کرینگے۔

ای پیپر دی نیشن