اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن مہم چلانے کی اجازت تک نہیں دی جا رہی، میں کہتا ہوں الیکشن سے 3 دن قبل مجھے چھوڑ دیں اور صرف ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں سب کو لگ پتہ جائے گا۔ اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں تمام تحائف کا تخمینہ دبئی میں بھارتی شہری کی چھوٹی سی دکان سے لگوایا گیا۔ سارا کیس اسی گواہ پر تھا جس پر آج جرح کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی جیولری کو 300 کروڑ روپے تک پہنچا دیا گیا، عمران خان نے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا جبکہ عدالت کا فیصلہ معطل ہو چکا ہے۔ سزا یافتہ نواز شریف کو کلیئر کر دیا، میری نااہلی کے خلاف اپیل اور انسانی حقوق کے لیے دائر پٹیشن کو نہیں سنا جا رہا۔ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ہمارے امیدواروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مفرور کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی لیکن ہم آخری گیند تک لڑیں گے۔
آخری گیند تک لڑیں گے، مجھے ایک جلسہ ہی کرنے دیں: بانی پی ٹی آئی
Jan 21, 2024