لاہور + اسلام آباد( نمائندہ خصوصی +خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سال 2024 کے عام انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کو نوٹسز اور جرمانوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیموں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کی ہے۔ چئیرمین تحصیل کونسل پورن عبدالمولی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر30ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔ چئیرمین تحصیل کونسل بشام سعید الرحمان کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر20ہزار روپے جرمانہ عائد۔ صوبہ پنجاب میں انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں فعال ہیں۔ این اے 153ملتان میں امیدوار حامد علی بھٹی، این اے 66 وزیرآباد میں امیدوارار احمد چٹھہ،پی پی 133ننکانہ صاحب میں نوشیر مان کو وال چاکنگ ،این اے 75 نارووال سے امیدوار دانیال عزیز کو دیواروں پر پوسٹر آویزاں کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا۔ ننکانہ صاحب میںپینا فلیکس اور بل بورڈز آویزاں کرنے پر وارننگ جاری۔ جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا اور بھکر، چینوٹ، فیصل آباد، ننکانہ، قصور، لاہور اور ملتان سے پینا فلیکس ہورڈنگز اور دیگر تشہیری مواد ہٹا دیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ پوسٹل بیلٹ پیپر سے اہل افراد 22 جنوری تک اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کا عمل مکمل کریں گے۔ پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ڈان لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے پر ووٹر اپنے ووٹ کو مقررہ وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو بھجوائے گا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کیلئے صوبہ پنجاب میں سکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کے مطابق ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ، تربیتی سیشن 19 تا 27جنوری تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کیلئے 726 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جائے گی، تمام ریجنل الیکشن کمشنر ز اور ضلعی الیکشن کمشنرزاحسن طریقے سے ٹریننگ سرانجام دیں۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی شکایت پر ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اس حوالے سے آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ عام انتخابات کی راہ میں نیا مسئلہ کھڑا ہوگیا۔ چاروں صوبوں نے وفاق کو آگاہ کر دیا ہے کہ عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی کیلیے ایک لاکھ 67 ہزار اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہوگا۔ آزاد کشمیر سے نفری بلانے کا مشورہ بھی دے دیا۔ ملک بھرمیں الیکشن ڈیوٹی کیلئے 5 لاکھ 35 ہزار402 سیکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے تاہم صوبوں اور اسلام آباد میں پولنگ ڈے پر3لاکھ 67 ہزار 669 سیکیورٹی اہلکار موجود ہوں گے۔ اسلام آباد میں ساڑھے 4 ہزار ، پنجاب میں ایک لاکھ 30 ہزار سیکیورٹی اہلکار دستیاب ہوں گے، سندھ میں ایک لاکھ 5 ہزار، خیبر پی کے میں 89 ہزار 959اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ بلوچستان میں 38 ہزار 210سیکیورٹی اہلکارپولنگ ڈے پر دستیاب ہوں گے۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے انتخابی ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ رابطہ، تربیت اور ضروری آلات فراہمی کے ذریعے رپورٹنگ اور بروقت اطلاع کو یقینی بنایا جائے۔ ضلع لاہور میں کل 4354پولنگ اسٹیشنز بنیں گے۔ ہر کیٹیگری کا سکیورٹی پلان علیحدہ ہوگا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ انتخابی عمل کی ضلع لاہور میں 10ہزار سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی۔ کمشنر لاہور نے کچھ غیر حاضر سٹاف کا نوٹس لیا، ضلعی انتظامیہ کو فوراً الیکشن کمیشن کو مطلوبہ ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ انتخاب کے عمل سے انتظامیہ نے مکمل غیر جانبداری اور اصول کی بنیاد سخت ایکشنز لیکر گزرنا ہے۔ تمام امیدوارں سے سکیورٹی بانڈز لیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ الیکشن کمیشن کیساتھ انتظامیہ اور پولیس ایڈمنسٹریشن مکمل رابطہ میں رہے گی۔ستوکتلہ پولیس نے پی پی 162 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار منظر عباس کھوکھر کے انتخابی دفتر پر پٹرول بم پھینکنے کے واقعہ کا مقدمہ 10 نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا ہے۔
پوسٹل بیلٹ فراہمی شروع، ڈیڑھ لاکھ سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کی کمی
Jan 21, 2024