راولپنڈی( سٹاف رپورٹر )ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ امسال صوبہ پنجاب میں گندم کی کاشت ایک کروڑ66 لاکھ ایکڑ رقبہ پر ہوئی ہے جس سے2 کروڑ 56 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کا حصول متوقع ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے امسال گندم کی فصل سے40 من فی ایکڑ سے زائد اوسط پیداوار کے حصول کیلئے تمام فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے تاکہ گندم کے کاشتکاروں کو فصل کی نیوٹریشنل مینجمنٹ،آبپاشی و دیگر نگہداشتی امور بارے بروقت راہنمائی فراہم کی جاسکے۔اس ضمن میں کاشتکاروں کو یوریا کھاد کے غیر ضروری استعمال کے نقصانات بارے راہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ رواں سال گندم کی بروقت کاشت،فاسفورسی کھادوں کے استعمال اورترقی دادہ اقسام کے بیج کے بہتر استعمال سے فصل کی صورتحال بہتر ہے۔گندم کی فصل میں نائٹروجنی کھاد کی دوسری قسط 55 تا60 دن تک مکمل کر لینی چاہیے۔15 نومبر تک کاشت کی گئی گندم کی فصل میں یوریا کے استعمال میں احتیاط برتیں۔یوریا کے زیادہ استعمال سے فصل کی نباتاتی بڑھوتری میں غیر ضروری اضافہ ہو جاتا ہے اور تیز ہوا چلنے کی صورت میں فصل کے گرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کوآگاہ کیا جا رہاہے کہ اس مرحلہ پر گندم کی فصل کیلئے یوریا کا بے جا استعمال ہر گز نہ کریں۔
پنجاب میں ایک کروڑ66 لاکھ ایکڑ رقبہ پرگندم کی کاشت
Jan 21, 2024