راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ ایران و پاکستان کی جانب سے تناؤ میں کمی اور تعلقات کی بحالی کے پیغامات کا تبادلہ نہایت خوش آئند اور وقت کی اشد ضرورت ہے ،ایران و پاکستان نہ صرف سرحدی بلکہ مذہبی، فکری و نظریاتی اور تہذیبی حوالوں سے بھی ایکدوسرے سے جڑے ایسے برادر اسلامی ممالک ہیں جنہوں نے مشکل اوقات میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، پاکستان و ایران میں کشیدگی کا فائدہ صرف اور صرف بھارت، اسرائیل و امریکہ کا شیطانی ثلاثہ اٹھائے گا، دنیائے کفر کی سازشوں کا شکار مسلم امہ کے مسائل کا واحد حل باہمی تنازعات سے اجتناب اور عالم اسلام کے اتحاد میں مضمر ہے لہٰذا ضروری ہے کہ ایسے ہر اقدام سے ہر صورت اجتناب کیا جائے جس سے برادر مسلم ممالک میں دوریاں پیدا ہونے کا اندیشہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات کے علاقہ چنن کنگ میں میں مسجدوامام بارگاہ قصرعباس ؑ کے منتظم اعلیٰ سیدنعیم عباس شیرازی کی دعوت پر مدرسہ ولایتِ علیؑ ابن ابی طالبؑ کے افتتاح کے بعدشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔