طلبا کیلئے منٹورشپ پروگرام شروع کرنا چاہتے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری

Jan 21, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)  اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ایک وفد کی قیادت میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد ( نسٹ یونیورسٹی) کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری کے ساتھ ملاقات میں اکیڈمیا انڈسٹری روابط کو مضبوط کرنے کے امور پر بات چیت کی تا کہ صنعتی شعبے کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جائے اور صنعتی سرگرمیوں و برآمدات کو فروغ دے کر معیشت کو بحال کیا جائے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہرالاسلام ظفر، سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، چیمبر کی ہائر ایجوکیشن کمیٹی کے کنوینر عدنان مختار اور دیگر وفد میں شامل تھے۔اس وقع پر خطاب کرتے ہوئے نسٹ یونیورسٹی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری نے آئی سی سی آئی کے وفد کو طلبا کو جدید تعلیم فراہم کرنے کیلئے اپنی یونیورسٹی کی کاوشوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ اور آئی سی سی آئی کے درمیان قریبی تعاون سے صنعتوں کے مسائل حل کرنے اور برآمدات کے لیے جدید مصنوعات تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نسٹ یونیورسٹی چیمبر کے ساتھ مل کر طلبا کیلئے منٹورشپ پروگرام شروع کرنا چاہتی ہے تا کہ طلبا کو عملی مہارت اور تجربہ فراہم کیا جا سکے جس سے ان کا مستقبل بہتر ہو گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اکیڈمیا انڈسٹری روابط مضبوط کر کے صنعتی شعبے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے اور صنعت کی مسابقت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے جس سے صنعتکاری اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ 

مزیدخبریں