حسن ابدال(نمائندہ نوائے وقت)پی پی 2کے عوام نے آزمائے ہوئے بازو دوبارہ نہ آزمانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ماضی میں ملک لوٹنے اور عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے علاوہ کون سا تیر مارا ہے جس پر انہیں ووٹ دیے جائیں گے۔ حسن ابدال اور فتح جنگ کے عوام کی جانب سے ملنے والی محبت ثبوت ہے کہ عوام اب کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار حلقہ پی پی 2سے آزاد امیدوار جہانگیر خان طاہر خیلی نے پریس کلب تحصیل حسن ابدال کی نو منتخب کابینہ کو مبارک باد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ دیگر یاسر خان۔سید اوصاف شاہ اور دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔ جہانگیر خان طاہر خیلی کا کہنا تھا کہ حسن ابدال اور فتح جنگ آج جدید دور میں بھی محرومیوں کا شکار ہیں جس کی ذمہ دار ماضی کی حکومتیں اور ان کے یہاں کے نمائندے تھے جنہوں نے عوامی مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔
پی پی 2کے عوام کا آزمائے ہوئے بازو دوبارہ نہ آزمانے کا حتمی فیصلہ
Jan 21, 2024