چینی معیشت نے خطرات اور دباؤ کا مقابلہ کامیابی سے کیا: قونصل جنرل یانگ

لاہور، کراچی (نمائندگان) کراچی میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل مسٹر یانگ یونڈونگ نے نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری اور سپیشل کارسپانڈنٹ خاور عباس سندھو کو چین پاکستان دوستی اور تعاون کے فروغ میں میڈیا کے شعبہ میں بہترین خدمات انجام دینے پرایوارڈز سے نوازا۔ قونصل جنرل نے پاک چین دوستی اور تعلقات کے فروغ میں مثالی کردار ادا کرنے پر نوائے وقت اور دی نیشن کے اہم کردار کی خصوصی طور پر تعریف کی۔ تقریب کراچی میں چینی قونصلیٹ میں ہوئی جس میں میڈیا کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نوائے وقت اور دی نیشن کی نمائندگی خاور عباس سندھو نے کی اور شیلڈز وصول کیں۔ قونصل جنرل مسٹر یانگ یونڈونگ نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران، چین کی معیشت نے تمام خطرات اور چیلنجوں اور دباؤ کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ اعلیٰ معیار کی ترقی کی ٹھوس پیش رفت کے ساتھ مثبت رجحانات کی بحالی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ پاکستان چین تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی، دونوں نے چین اور پاکستان کے درمیان ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ دینے ، چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی تعمیر کو مزیدآگے بڑھانے اورنئے دور میں مشترکہ مستقبل کے چین پاکستان کمیونٹی کے قیام کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ایک اہم منصوبے کے طور پر، سی پیک نے گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان کی اقتصادی ترقی اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق صنعتوں، زراعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے اور مقامی لوگوں، نوجوانوں اور دیگر شعبوں میں مواصلات اور تبادلے میں اضافہ کریں گے۔ ہم مل کر چین پاکستان ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔ پاکستان کے میڈیا کا تعاون چین پاکستان تعاون کا ایک اٹوٹ حصہ ہے جو باہمی ثقافتی تبادلوں کو آگے بڑھانے، عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یقین ہے کہ سب کی مشترکہ کوششوں سے چین اور پاکستان کے عوام باہمی افہام و تفہیم کو مزید فروغ دیں گے اور متعلقہ ترقی کی راہوں پر ہاتھ ملا کر چلیں گے۔ کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری، چیف آپریٹنگ آفیسر نوائے وقت گروپ نے اس موقع پر کہا کہ اس باوقار ایوارڈ کا ملنا ان کے اور گروپ کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے قونصل جنرل یانگ یونڈنگ کا شکریہ ادا کیا اور مزید کہا کہ نوائے وقت گروپ کی ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کی ہمیشہ سے خواہش رہی ہے کہ عوامی جمہوریہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور CPEC کی کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے امید ظاہر کی کہ سی پیک کی تکمیل سے دونوں ممالک کی معیشت ترقی کرے گی جس کے ثمرات دونوں آئرن برادرز کے عوام کو ملیں گے۔ خاور عباس نے چینی قونصل جنرل کو بتایا کہ نوائے وقت میڈیا گروپ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے حوالے سے پچھلے پانچ سالوں سے ریسرچ بیسڈ خصوصی مضامین شائع کر رہا ہے اور پورے ایشیا میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ قونصل جنرل نے لاہور میں نوائے وقت اور دی نیشن کے دفاتر کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کی۔

ای پیپر دی نیشن