روانڈا کے تجارتی وفد کا لاہور چیمبر کا دورہ ،باہمی معاملات پرتبادلہ خیال

Jan 21, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر ) روانڈا کے ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز کرنے کے علاوہ دونوں ممالک میں تجارت و سرمایہ کاری کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور ، وفد کے سربراہ اور روانڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر نعیم خان، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور روانڈا کے کمرشل اتاشی مسٹر سیموئل ابیکنڈا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔روانڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر نعیم خان نے کہا کہ افریقہ مواقع سے مالا مال ہے، روانڈا افریقہ کا سنگاپور ہے۔ تاجروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ روانڈا اس خطے میں اقتصادی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت کا حامل ہے۔کاشف انور نے روانڈا کے وفد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی مارکیٹ میں موجود وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ پاکستان روانڈا کی درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تیار ہے۔

مزیدخبریں