شدید دھند، اسلام آباد کا فلائٹ شیڈول زیادہ متاثر، موٹروےکھل گئی

Jan 21, 2024 | 13:13

شدید دھند کی وجہ سے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا فلائٹ شیڈول زیادہ متاثر ہوا ہے جبکہ مختلف پروازیں منسوخ اور 2 پروازیں متبادل ایئر پورٹس پر منتقل کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق دبئی سے اسلام آباد کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 234 کراچی اتار لی گئی،پی آئی اے کی العین سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 144 کی پشاور میں لینڈنگ کی گئی،پی آئی اے کی اسلام آباد سے دوحہ کی پرواز پی کے 287 اور دبئی کی پرواز پی کے 233 کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ ابوظبی، مسقط اور شارجہ سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے 262، 292 اور 181 بھی منسوخ کر دی گئیں۔اسلام آباد سے کوئٹہ کے لیے نجی ایئرلائن ای آر 540، 541 بھی منسوخ،اسلام آباد سے گلگت کے لیے پی کے 601، 602 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ کراچی سے اسلام آباد کے لیے ای آر 504، لاہور کے لیے ای آر 522، 523 اور پشاور کے لیے ای آر 551 کو منسوخ کیا گیا ہے۔ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافر ائیرپورٹ آمد سے قبل ائیرلائن کی ہیلپ سے رہنمائی ضرور لیں،موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی پروازوں کو روانہ کردیا جائے گا۔دوسری جانب لاہور موٹروے M 14, کھڑاپا  سے یارک تک دھند کی شدت میں کمی کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے جبکہ موٹروے M 1, پشاور سے اسلام آباد تک موٹروے M -2, اسلام آباد سے بلکسر تک ہزارہ موٹروے ، برہان سے جاری کس تک بند ہے۔سوات ایکسپریس وے، کرنل شیر خان سے اسماعیلیہ تک موٹروے M -14, حکلہ سے کھڑاپا تک شدید دھند کے باعث بدستور  ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند  ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت ہے،شہریوں سے درخواست ہے کہ  دھند کہ اوقات  میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے  دھند کے اغاز سے پہلے اپنے منزل مقصود تک پہنچ جائیں۔ لاہور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ترجمان موٹروے پولیس  کا مزید کہنا ہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور  اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے  زیادہ رکھیں،سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں،اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

مزیدخبریں