شاہ محمود قریشی نے یہ بات ایک این جی او کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقد ہونیوالی تین روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہے مگر ہم خطے میں عدم توازن کسی صورت پیدا نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی کوشش کی تواسے بھرپورجواب دیا جائے گا ۔ پاکستان کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے اوراس کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کا خواہشمند ہے ۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت حالیہ مذاکرات میں صرف ممبئی حملوں پر ہی زور دیتا رہا لہذا بات بہترطورپر آگے نہ بڑھ سکی، ان کا یہ بھی کہنا تھا پاک بھارت تنازعات کےحل کے لیے اعلان لاہور بہترین روڈ میپ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک اگرمل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے تواس کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا ۔