کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹیل مل کے نومنتخب چیف ایگزیکٹو آفیسر سعادت چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل مل نے ہنگامی بنیادوں پر اپنے ذرائع سے 28 سے 30 میگاواٹ بجلی پیدا کرنا شروع کردی ہے-بجلی کے مزید حصول کے لئے متعلقہ انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں- اپنے عہدے کا فوری چارج سنبھالنے کے بعد سعادت چیمہ نے پاکستان اسٹیل مل کے سینئرافسران سے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل پاکستان کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، ہمیں اس کی بحالی کے لئے سرجوڑ کر بیٹھنا ہوگا- پاکستان اسٹیل نہ صرف قومی ادارہ ہے بلکہ یہ ایک قیمتی اثاثہ بھی تصور کیا جاتا ہے جس کی بحالی کے لئے تمام قومی اداروں کو تعاون کرنا ہوگا- اجلاس میں چیف ایگزیکٹو کو موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی گئی- چیف ایگزیکٹو پاکستان اسٹیل کو بتایا گیا کہ کے ای ایس سی کے ساتھ معاملات کو ہر ممکن حل کرنے کے لئے کوششیں کی جاری ہیں ، لیکن بدقسمتی سے کے ای ایس سی انتظامیہ کے جارحانہ رویے کی وجہ سے ہمیں مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے- پاکستان اسٹیل مل نے کے ای ایس سی کو 25 کروڑ روپے کی ادائیگی کے باوجود 132 KVA کی لائن بحال نہ کرنا باعث تشویش ہے ۔ پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ نے کے ای ایس سی کی جانب سے میڈیا ٹرائل اور غیر سنجیدہ بیانات کے بارے میں بھی چیف ایگزیکٹو کوآگاہ گیا- اس موقع پر سی ای او پاکستان اسٹیل مل نے چیف ایگزیکٹو کے ای ایس سی کو بجلی کی فراہمی کے لئے ایک مراسلہ بھی تحریر کیا - مراسلے میں کے ای ایس سی کے واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں تجاویز تحریر کی گئیں ہیں- انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ کے ای ایس سی اس سلسلے میں پاکستان اسٹیل مل کو اس مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے ضرور تعاون کریگی۔
اسٹیل ملز نے 28 سے 30 میگاواٹ بجلی کی پیداور شروع کردی
Jul 21, 2013