لاہور(سٹاف رپورٹر)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے راہنماﺅں صاحبزادہ حامد رضا، حاجی حنیف طیب، پیر فضیل عیاض قاسمی، پیر محمد اطہرر القادری، طارق محبوب، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، محمد نواز کھرل، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری نے دمشق میں حضرت سیّدہ زینبؓ کے روزہ پر راکٹوں سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کا سانحہ قابل ِ مذمت ہے۔ اس المناک اور دردناک سانحہ پر پوری دنیا کے مسلمان دُکھی ہیں اور ان کی آنکھیں اشکبار ہیں۔ دریں اثناءبانی و سربراہ ادارہ صراط مستقیم ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی نواسی کے مزار پر راکٹ حملے سے پوری اُمت کے َسرشرم سے جُھک گئے ہیں حضرت زینب رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے مزار پر حملہ کروڑوں مسلمانوں کے محور عقیدت پر حملہ ہے۔ عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ شام میں سیدہ زینبؓ کے مزار شریف کی بے حرمتی کے مذموم عمل پر ہر مسلمان سراپا احتجاج ہے۔ سیدہ زینبؓ کی تعلیمات امن اور محبت پر قائم ہیں اس لئے آل رسول سے محبت کرنے والا کوئی بھی شخص ایسی مذموم حرکت کا سوچ بھی نہیں سکتا۔