شہباز شریف کی ملاقات‘ مارچ اور دھرنے مسائل کا حل نہیں ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے : نوازشریف

Jul 21, 2014

لاہور (خبر نگار) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک فوج پاکستان کے استحکام کی جنگ لڑ رہی ہے اس جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ہمارے بہن بھائی ہماری پوری توجہ اور مہمان نوازی کے مستحق ہیں۔ مارچ اور دھرنے پاکستانی عوام کے مسائل کا حل نہیں، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کا جس طرح احترام کیا ہے اسی طرح ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاتی عمرہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے  ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات  میں انہیں ارائیاں پنڈ میں دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن کی رپورٹ پیش کی اور وزیراعظم کو یوم حضرت علیؓ پر لاہور اور صوبے کے دیگر حساس شہروں میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے علاوہ پنجاب حکومت کی طرف سے شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کے لئے کی جانیوالی امدادی کارروائیوں اور اکٹھے ہونے والے نقد عطیات پر تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعظم نوازشریف نے پنجاب حکومت کی طرف سے بے گھر افراد کی امداد کے لئے امدادی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ خالی خولی نعروں پر یقین نہیں رکھتی، ہم نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے ٹھوس روڈمیپ پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ، قائداعظمؒ سولر پارک، نندی پور پاور پراجیکٹ، گڈانی جیٹی پر تعمیراتی کام کا آغاز ہماری نیک نیتی کا بین ثبوت ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو درپیش توانائی، معیشت کی بحالی،کرپشن سے نجات کے وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا کے دم لے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے پنجاب حکومت کی طرف سے ریکارڈ مدت میںآزادی چوک سگنل فری منصوبہ مکمل کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے شہباز شریف کا نام اب ہمسایہ ممالک سمیت دنیا بھر میں مثال بنا کے پیش کیا جاتا ہے جو ہماری حکومت اور پاکستان کے لئے بھی باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دورہ حرمین شریفین کے دوران پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سیاسی و معاشی استحکام  اور بے گھر افراد کی جلد از جلد ان کے گھروں کو واپشی کی دعا مانگیں گے۔ آئی این پی، آن لائن کے مطابق  وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ حکو مت ملکی ترقی و خوشحالی اور دہشت گردی کے خاتمے کے ایجنڈا پر کام کر رہی ہے‘ ہر پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے ساتھ ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت افواج پاکستان کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔ پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے تاریخی منصوبوں کی وجہ سے پنجاب کے عوام بھی مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں۔ بجلی کے بحران سے نجات دلا کر پاکستان کو روشنیوں کا ملک بنائیں گے۔ ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے آزادی مارچ‘ طاہر القادری کے یوم انقلاب‘ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن‘ آئی ڈی پیز کی امداد سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور آئندہ کی حکمت عملی بنائی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو آئی ڈی پیز کی امداد کیلئے کئے جانیوالے اقدامات اور رائیونڈ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اور صوبہ میں امن و امان اور عوام کی ترقی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات بارے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کا مشن لیکر چل رہی ہے اس کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی جو لوگ جمہوریت اور موجودہ نظام کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں وہ اپنے ایجنڈا میں کسی صورت کامیاب ہونگے نہ ہی عوام انہیں کامیاب ہونے دینگے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کو نہ صرف مہنگائی‘ بیروزگاری اور دیگر مسائل سے نجات دلانا چاہتی ہے بلکہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کر کے اسے امن کا گہوارہ بنانا ہمارا مشن ہے اسے  ہر صورت جاری رکھیں گے۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ 14 اگست کے دن احتجاجی سیاست کی پرواہ نہ کرتے ہوئے یوم آزادی بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ ملاقات  میں اہم امور پر تبادلہ خیال کے بعد اتفاق کیا گیا کہ 14 اگست کو احتجاج کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خوشی کیساتھ ساتھ محب وطن ہونے کے ناطے بھی قومی دن بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کی کامیابی‘ ممکنہ اقدامات اور آئی ڈی پیز کی تمامتر مشکلات دور کرنے پر توجہ مرکوز رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا اس کے علاوہ توانائی بحران کے حل کیلئے شارٹ ٹرم پالیسی پر نظرثانی کرنے پر بھی اتفاق ہوا وزیراعظم کی رہائشگاہ کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی پر نواز شریف اور شہباز شریف نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔
نوازشریف

مزیدخبریں