اسلام آباد (آن لائن)سپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی کے گیٹ پر بائیو میٹرک سسٹم نصب ہونے سے دیر سے آنے کے عادی افسران اور اہلکار پریشان ہوگئے، تنخواہوں میں کٹوتی کا خطرہ پیدا ہوگیا،دیر سے آنے والے ملازمین کے خلاف سپیکر نے تادیبی کارروائی کا حکم دے دیا۔ ذرائع نے ’’آن لائن‘‘ کو بتایا کہ سپیکر ایاز صادق کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے سٹاف کی رمضان المبارک میں غیر حاضریوں اور تاخیر سے آمد کا نوٹس لیتے ہوئے گیٹ پر بائیو میٹرک سسٹم نصب کیا گیا جس کے بعد ایسے ملازمین جو کہ گزشتہ طویل عرصے سے پارلیمنٹ میں تاخیر سے آتے تھے اور انہوں نے اسمبلی میں تاخیر سے آنے کا وطیرہ بنالیا تھا اب انہیں صبح آٹھ بجے گیٹ پر پہنچنا پڑتا ہے اور بائیو میٹرک مشین پر اپنا انگوٹھا لگانا پڑتا ہے۔ تمام ملازمین آمد و اخراج کو بائیو میٹرک مشین پر نوٹ کیا جاتا ہے اور پورے مہینے کے اعداد و شمار یہ مشین جاری کرتی ہے۔ قومی اسمبلی کے ذرائع نے بتایا کہ 80 سے زیادہ ایسے افسران تھے جو ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں ہمیشہ تاخیر سے پہنچتے تھے اور سپیکر اسمبلی کی منظوری کے بعد اس سسٹم کی تنصیب ہونے سے ملازمین کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لئے جانے کا بھی امکان ہے۔