لاہور (آئی این پی) (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) حکو مت کے آئینی مدت پوری کرنے کے امکانات ’’زیرو‘‘ ہیں‘ عید کے بعد حکومت مخالفت جماعتوں کے اتحاد میں تیزی آئے گی‘ حکمران سانحہ منہاج القرآن سے کسی صورت خود کو بچا نہیں سکیں گے انکو ہر صورت حساب دینا پڑیگا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت صرف باتیں کر رہی ہے عملی طور پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی عوام دشمن پالیسوں کی وجہ سے عوام حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر آنے کیلئے تیار ہیں اور عید کے بعد حکمرانوں کے اقتدار کے خاتمے کیلئے الٹی گنتی شروع ہو جائیگی اور ملک سے ہر صورت کرپٹ نظام کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کے اندر رہتے ہوئے ہی سیاسی جدوجہد کی اور ڈاکٹر طاہر القادری نے جو دس نکات دیئے ہیں وہ بھی آئین کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے عمران خان سمیت سب کے ساتھ رابطے جاری ہے اور عید کے بعد عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری سمیت بہت سے جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر آجائیں گی۔