لاہور (نامہ نگار) ہنجر وال کے علاقہ میں رشتے کے تنازع پر ایک نوجوان نے اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے ایلیٹ فورس کے اہلکار کو ہلاک جبکہ باپ بیٹے کو شدید زخمی کر دیا۔ فرار ہوتے ہوئے ملزم بھی چھت سے نیچے گرنے کے باعث زخمی ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے مرغزار کالونی میں اشفاق نامی شخص نے اپنے گھر کا نیچے کا پورشن زبیر وغیرہ کو کرائے پر دے رکھا تھا، زبیر مالک مکان اشفاق کی بیٹی ایم فل کی طالبہ (ن) سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ زبیر نے اپنے گھر والوں کو شادی کے لئے اشفاق کے گھر بھیجا مگر اس نے اپنی بیٹی کا رشتہ دینے سے انکار کر دیا۔ گزشتہ روز اشفاق کا سالا شہباز جو ایلیٹ فورس میں تعینات ہے روزہ افطاری کے لئے گھر میں آیا ہوا تھا۔ اس دوران زبیر اپنے تین نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ ان کے گھر میں گھس گیا اور اس نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے باعث اشفاق اس کا بیٹا سعید اور ایلیٹ فورس کا اہلکار شہباز زخمی ہو گئے جبکہ بھاگتے ہوئے چھت سے چھلانگ لگاکر زمین پر گرنے کے باعث زبیر بھی شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔ بعدازاں شہباز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ باپ بیٹے کی حالت تشویشناک بیان کی جا رہی ہے۔ شہباز فاروق آباد میں ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ٹریننگ دیتا تھا۔ پولیس نے لاش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔
قتل