لاہور (آئی این پی + این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے حکومت ایک ماہ سے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے فوج اس کے ساتھ ہے‘حکومت 14 اگست کے معاملات میں فوج کو بھی ملوث کرنا چاہتی ہے، 14 اگست کو ڈی چوک پر اس وقت تک بیٹھا رہوں گا جب تک عوام میرا ساتھ دیں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا فوج کو 14 اگست کے موقع پر ڈی چوک کی متنازع پریڈ میں حصہ نہیں لینا چاہئے۔انہوں نے کہا 14اگست کی ریلی میں شرکت کرنے کے لئے پورے ملک سے قافلے اسلام آباد آئیں گے، 14اگست کی ریلی میں ایم کیو ایم نے کیا کردار ادا کرنا ہے اس کا فیصلہ 10 اگست تک ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا ایک قبر ہے جو وزیراعظم نوازشریف نے بنائی ہے اب دیکھنا یہ ہے اس میں نوازشریف کی سیاست کو گرنا ہے یا ہماری سیاست کو گرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا 14 اگست کی رات کسی نے قومی پرچم لہرایا تو میں اس کے خلاف پرچہ کٹواؤں گا، قانون کے مطابق تاریکی میں قومی پرچم لہرانا جرم ہے، رات کو پرچم احترام سے اتار لینا چاہئے۔ شہباز شریف اب لوگوں سے رابطہ کررہے ہیں ہمارا مسئلہ حل کرادو مگر اب وقت گزر چکا ہے۔ اب بات چارحلقوں پر ختم نہیں ہوگی۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا سعودی عرب کی نوازشریف کیلئے اب وہ سوچ نہیں رہی جو پہلے تھی، ڈی چوک میں اکٹھے ہونیوالوں کو اس وقت تک نہیں اٹھنا چاہئے جب تک قوم کو ظالموں‘ چوروں‘ لٹیروں اور جابروں سے نجات نہیں مل جاتی، کمیشن کھانے کیلئے اربوں روپے کے منصوبے صرف دو ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ کئے جارہے ہیں جنکے نتائج نندی پور کی طرح سامنے آئیں گے۔ خواہش اور بھرپور کوشش ہے عمران خان اور طاہر القادری ایک ایجنڈے پر آجائیں اوراکٹھے باہر نکلیں لیکن یہ طے ہے سب کو ڈی چوک میں اکٹھے ہونا ہے۔ موجودہ حکومت کی گڈ گورننس سب کے سامنے ہے یہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوتے تو انکی ٹانگیں نہ کانپ رہی ہوتیں۔
شیخ رشید
حکومت 14 اگست کے معاملے میں فوج کو بھی ملوث کرنا چاہتی ہے: شیخ رشید
Jul 21, 2014