اسلام آباد (آئی این پی) انٹرپول اور برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے پاکستان سے باہر مالی وسائل کی تحقیقات کیلئے ایف آ ئی اے کی طرف سے لکھے گئے خطوط کا مثبت جواب دیتے ہوئے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ انٹرپول اور دیگر اداروں سے مثبت جواب ملنے پر ایف آئی اے کی تین رکنی ٹیم کی بیرون ملک روانگی کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ ایف آئی اے کو ایف بی آر اور مختلف بنکوں سے بھی طاہر القادری کے اثاثوں کی جمع شدہ تفصیلات میں ٹیکسوں کی عدم ادائیگی اور بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کا مواد مل گیا۔ ذرائع کے مطابق تفصیلی جائزے اور ٹھوس شواہد ساتھ لے کر ایف آئی اے کی تین رکنی ٹیم بیرون ملک جائے گی جو پاکستان میں طاہر القادری کے اثاثوں، بنک اکاوئنٹس اور بیرون ملک سے منتقل ہونے والی رقوم سے متعلق ہونگے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی انے ایف بی آر اور مختلف بنکوں سے طاہر القادری کے اثاثوں کی جو تفصیلات اکٹھی کی ہیں ان میں ٹیکس چوری، رقوم کی غیر قانونی منتقلی سمیت طاہر القادری کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے کافی مواد موجود ہے۔
طاہر القادری/ اثاثے