تہران ( صباح نیوز)ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے طے پانے والے جوہری معاہدے کے باوجود ایران کا ’مغرور‘ امریکہ کے بارے میں موقف تبدیل نہیں ہوگا۔ اپنی تقریر میں انھوں نے کہا کہ ان کے ملک کے ابھی بھی امریکہ کے ساتھ واضح اختلافات قائم ہیں اور مشرقی وسطیٰ کی پالیسی بھی تبدیل نہیں ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران شام، عراق، فلسطینیوں، یمن اور بحرین میںپسے لوگوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں اپنے دوستوں کی مدد کرنا کبھی ختم نہیں کرے گا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے مزید کہا کہ ا مریکہ کہتا ہے کہ انھوں نے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا ہے۔وہ جانتے ہیں کہ یہ سچ نہیں ہے۔ ہمارے پاس فتویٰ ہے کہ اسلامی قوانین کے مطابق جوہری ہتھیار ممنوع ہیں۔ اس کا جوہری مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔ہم نے بار ہا مرتبہ کہا ہے کہ ہم امریکہ کے ساتھ علاقائی یا بین الاقوامی معاملات پر مذاکرات نہیں کریں گے، اور نہ ہی دو طرفہ معاملات پر۔آیت اللہ خامہ ای کا کہنا تھا کہ ایرانی سیاست دانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ جوہری معاہدے کی جانچ پڑتال کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس میں ایرانی مفادات محفوظ رہیں۔