لاہور( خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق بااختیار بلدیاتی اداروں کی تشکیل کیلئے تحریک چلانے کی ضرورت پڑی تو گریز نہیں کرینگے۔ بلدیاتی ادارے حکومت کی ”ترمیمی دہشتگردی“ کی زد پر ہیں۔ بے اختیار بلدیاتی ادارے عوام کی کوئی خدمت نہیں کر سکیں گے۔ سربراہ عوامی تحریک نے بلدیاتی الیکشن کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی الیکشن کے جملہ امور کی نگرانی کے ساتھ ساتھ بلدیاتی منشور بھی مرتب کریگی۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سینئر رہنماﺅں سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سابق ناظمین، نائب ناظمین،کونسلرز اور جمہوریت پسند پڑھے لکھے نوجوانوں کو حکمرانوں کے پنجے سے بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور وسائل واگزار کروانے کیلئے اپنا قومی جمہوری کردار ادا کرنا ہوگا۔ حکمران ”ممی اور ڈمی“ قسم کے بلدیاتی ادارے تشکیل دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر خاندانی راج قائم کررکھا ہے۔ اسمبلیاں غیر موثر بنانے کے بعد اب یہ عوام کے بلدیاتی اداروں کو بھی اپنی راجدھانی میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں مگر عوام اس بار اپنے حقوق پر جمہوری ڈاکہ برداشت نہیں کرینگے۔
طاہر القادری
حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر خاندانی راج قائم کررکھا ہے: طاہر القادری
Jul 21, 2015