مون سون بارشوں کے باعث چترال میں رابطہ پل ٹوٹ گئے ہیں، مکانات،دکانات اور شاہرات سیلاب کی نذر ہو گئی ہیں۔

دریائے چترال میں سیلاب کے باعث کئی علاقوں میں رابطہ پل بہہ گئے ہیں جس کی وجہ سے چترال کا آس پاس کے علاقوں سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ چترال کے ڈپٹی کمشنر امین الحق نے میڈیا کو بتایا کہ جمعرات سے شروع ہونے والی مسلسل طوفانی بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی آنے سے چترال شہر کو دوسرے علاقوں سے ملانے والے بیشتر رابطہ پل ٹوٹ گئے ہیں یا پانی میں بہہ چکے ہیں۔ چترال سے مستوج ، شندور اور گلگت کی طرف جانے والے تمام سڑکیں بھی سیلابی پانی کی نذر ہو چکی ہیں۔ چترال پشاور کی مرکزی شاہراہ گذشتہ تین دنوں سے ہر قسم کے ٹریفک کےلیے بند ہے جس سے دونوں جانب درجنوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ چترال کا پاور ہاؤس بھی سیلاب کی زد میں ہے۔ سیلاب کی وجہ سے درجنوں مکانات، دکانیں اور مارکیٹیں تباہ ہوگئی ہیں اور اب تک بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پورے ضلع میں خاتون اور بچی سمیت تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ زمینی راستوں کو بحال کرنے کےلیے بھی متلعقہ اداروں سے رابطے جاری ہیں۔ رابطہ پل بہہ جانے کی وجہ سے کئی علاقوں میں خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن