آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات آج پہلی بار فوج کی نگرانی میں ہوں گے

Jul 21, 2016

لاہور+اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+خبر نگار +وقائع نگار خصوصی) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے41حلقوں میں انتخابات آج ہوں گے۔ پہلی بار فوج کی نگرانی میں انتخابات ہو رہے ہیں ،آزاد جموں کشمیر میں انتخابات میں امن وامان کے قیام کی ذمہ داری پاک فوج کے دستوں نے سنبھال لی‘ فوجی جوان پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے‘ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی لگادی گئی ہے‘ 26 لاکھ 76 ہزار5سو 86 ووٹرز میں سے مرد ووٹروں کی تعداد 14 لاکھ 83 ہزار7سو47 اور خواتین ووٹروں کی تعداد 11 لاکھ 90 ہزار 8سو 39 ہے‘ آزاد کشمیر کے 29‘ مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ بعد ازاں منتخب اراکین اسمبلی خواتین کی 5مخصوص‘ علماء و مشائخ کی ایک اور ٹیکنوکریٹس کی 2 نشستوں کیلئے ارکان اسمبلی ووٹ ڈالیں گے‘ آزاد کشمیر کے 29 حلقوں میں22 ہزار فوجی جوان فرائض سرانجام دینگے‘ پولنگ صبح8 بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفہ کے ہوگی ‘آزاد کشمیر کے 29 حلقوں میں22 ہزار فوجی جوان فرائض سرانجام دینگے‘ انتخابات میں ایک موجودہ اور 3سابق وزراء اعظم‘ صدر کی صاحبزادی‘ سابق وزیراعظم کے بیٹے بھی میدان میںہیں‘ وزیراعظم نواز شریف نے وزارت پانی و بجلی کو 21جولائی کو آزاد کشمیر میں انتخابات کے روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ‘ مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جموں و کشمیر پیپلز پارٹی تحریک انصاف اور مسلم کانفرنس اور پیپلز پارٹی سمیت مختلف جماعتیں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ مسلم لیگ(ن)‘پیپلز پارٹی‘ تحریک انصاف میں کانٹے دار مقابلے کا امکان ہے۔ انتخابات میں 26سیاسی و مذہبی جماعتوں کے 423امیدوار مد مقابل ہیں۔ 41نشستوں پرپولنگ21جولائی کوصبح8 بجے سے شام 5بجے تک پولنگ ہوگی جو بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ آزاد کشمیر کے 29مہاجرین مقیم پاکستان کے12نشستوں پر ووٹ کاسٹ کئے جائیں گے جبکہ بعد ازاں منتخب اراکین اسمبلی خواتین کی 5مخصوص ، علماء و مشائخ کی ایک اور ٹیکنو کریٹس کی 2نشستوں کیلئے اراکین اسمبلی ووٹ ڈالیں گے۔آزاد کشمیر بھر کے 35پولنگ سٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔دو نشستوں ایل اے37وادی (ٹو) اور ایل اے 30جموں( ون) کیلئے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولنگ ہو گی اور 8518ووٹر اپنے نمائندوں کا چنائو کریں گے۔ایل اے37وادی (ٹو) کیلئے لاہور میں 9پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ان پولنگ سٹیشنوں پر3935ووٹر ووٹ ڈالیں گے۔اس نشست پر کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے ، اس نشست پر پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان، مسلم لیگ(ن) کے غلام عباس میر اور پیپلز پارٹی کے سید عمر شریف بخاری میدان میں ہیں۔لاہور سے چکوال تک پھیلی ایل اے30جموں (ون) کی نشست پر تین اہم امیدوار مسلم لیگ(ن) کے ناصر حسین ڈار ، پیپلز پارٹی کے چودھری میر حیدر اور پی ٹی آئی کے مقصود الزمان خان میدان میں ہیں۔قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق آزاد کشمیر کے حلقہLA37اورLA30کے ووٹوں کے لئے آج ضلع کونسل ہال میں پولنگ ہو گی ۔ ضلع بھر میں کشمیر ی ووٹوں کی تعداد23ہے۔

مزیدخبریں