حکمران پانامہ کیس کو طوالت دینا چاہتے ہیں پر انے کاغذات کو نیابناکر پیش کیاگیا : پیپلزپارٹی

اسلام آباد(آن لائن)پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکمران مختلف حیلوں بہانوں سے پانامہ کیس کو طوالت دینا چاہتے ہیں ،حکومتی وکلاء کے پاس عدالت میں پیش کرنے کوکوئی ثبوت یا گواہ نہیں ، پانامہ کیس اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے لیکن تاحال حکومت سپریم کورٹ کو کوئی موثر جواب نہیں دے سکی ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات قمر الزمان کائرہ نے کہا حکومت کی جانب سے کیس میں پہلے دن سے ہی جواب نہیں دیئے جا رہے ۔حکومت حیلے بہانے اور ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے کیس کو طول دینا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے وکلا کے پاس کوئی ثبوت یا دستاویزات موجود ہی نہیں ، اگر ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ کہنے یا دکھانے کو ہوتا تو اب تک وہ عدالت میں وہ دستاویزات پیش کر چکے ہوتے ۔ شیری رحمن نے کہا پانامہ کیس اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے لیکن تاحال حکومت اس کیس میں کوئی موثر جواب نہیں دے سکی ۔ان کا کہنا تھا وزیر اعظم نے گزشتہ روز سیالکوٹ کا دورہ کیا لیکن اس میں وہ قومی ایشوز پر بات کرنے کی بجائے ذاتیات پر بات کرنے کی کوشش کر تے رہے ۔شیری رحمن نے کہا وزیر اعظم نے سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی بات کی لیکن ایل او سی پر ہونے والی بھارتی فائرنگ کے حوالے سے انہوں نے کوئی بات نہیں کی ۔ قمرزمان کائرہ نے مزید کہا حکومت کی ہر جگہ جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ آج حکومت ایک اور قطری خط لے کر آگئی ہے لگتا ہے اس خط کا وہی حال ہوگا جو پچھلے دستاویزات کا ہوا ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی

ای پیپر دی نیشن