لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان خٹک نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کیلئے جامع پالیسی تشکیل دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ترکی سے ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے آئے ہوئے چار رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ سی ٹی او لاہور رائے اعجاز بھی موجود تھے۔ ملاقات میں لاہور میں شاہین فورس کی آزمائشی طور پر تشکیل کا اصولی فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر 50وارڈنز کو 25 موٹر سائیکلز کے ساتھ ترک ماہرین کے سپرد کیاجائے گا جو انہیں ہنگامی حالات میں شہر کی سڑکوں پر ٹریفک رواں رکھنے کے لئے جدید خطوط پر تربیت فراہم کریں گے۔ اس دستے کو تربیت کے بعد پہلے مرحلے میں آزمائشی طور پر سڑکوں پر لایا جائے گا اور بعد میں حکومت پنجاب سے باقاعدہ منظوری کے بعد اسے ٹریفک کی سپیشلائزڈ فورس کی شکل دی جائے گی۔ ترکی ماہرین نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ تجاوزات، لین سسٹم کی خلاف ورزی، گداگر مافیا اور پیدل چلنے والوں کیلئے مناسب راستے نہ ہونا بڑے مسائل ہیں۔ دریں اثناء ترک پولیس کے 4 رکنی وفد نے گزشتہ روز حضرت سید علی بن عثمان الہجویری رحمت اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی اور عقیدت کے پھول نچھاور کئے اور دعا مانگی۔ بعدازاں سماع ہال میں ہونے والی محفل سماع میں شرکت کی جبکہ داتا دربار کمپلیکس کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ وفد میں باقر سیلین، عبدالرحمن ایویمز، نعیم کاراتیپی اور مسلم الدین شامل تھے۔ ایڈمنسٹریٹر داتا دربار ڈاکٹر نور محمد اعوان اور ڈی ایس پی شوکت علی شیخ نے سیکورٹی سمیت دیگر حوالوں سے بریفنگ دی۔ ایڈمنسٹریٹر داتا دربار نے ترک وفد کی دستار بندی کی۔