قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پرمینجمنٹ فارغ فرحت حسن ہیڈ کوچ و منیجر مقرر

Jul 21, 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ہاکی ورلڈ لیگ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو فارغ کرکے نئی مینجمنٹس کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے ہاکی ورلڈ لیگ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی ذمہ داری ٹیم مینجمنٹس اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان پر ڈالتے ہوئے انہیں فارغ کر دیا ہے۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ فرحت حسن خان کو ہیڈ کوچ و منیجر مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ اولمپیئن ملک محمد شفقت اور اولمپیئن محمد سرور کومعاون کوچ مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ صدر پی ایچ ایف کی جانب سے نئی سلیکشن کمیٹی کا بھی تقرر کیا گیا ہے۔ جس میں اولمپیئن رشید الحسن اور انکی ٹیم کو ہٹا کر اسکی جگہ نئی سلیکشن کمیٹی میں حسن سردار کو چیئرمین سلیکشن کمیٹی، ایاز محمود اور مصدق حسین کو ممبر سلیکشن کمیٹی بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ کو ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے تقریباً دو سال کا عرصہ ہو گیا تھا جس میں ان کا پہلا امتحان ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ تھا جس میں قومی ٹیم نے ناقص ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی اور اسے بھارت کے ہاتھوں دو میچوں میں تیرہ گول ہوئے تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نے بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اس انتظار میں رہے کہ ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور سلیکشن کمیٹی خود مستعفی ہو جاتی لیکن ٹیم مینجمنٹ نے اپنی رپورٹ میں شکست کی ذمہ داری کھلاڑیوں پر ڈال کر خود کو بری الذمہ قرار دیا تھا تاہم صدر پی ایچ ایف نے طویل مشاورت کے بعد سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے انہیں عہدوں سے فارغ کر دیا۔

مزیدخبریں