مقبوضہ بیت المقدس (نوائے وقت رپورٹ این این آئی) مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔ حماس اور فلسطین کی دوسری جماعتوں نے (آج )جمعہ کو نصرت الاقصیٰ کیلئے ملک بھر میں ’یوم الغضب‘ کے طورپر منانے کا اعلان کیا ہے۔ یوم الغضب پر فلسطین بھرمیں احتجاجی ریلیاں اور ، مظاہرے اور جلوس نکالے جائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے بوڑھی خاتون ھناء توفیق حماد کو اس وقت حراست میں لیا جب وہ اپنے دو اسیر بیٹوں عدی اور قصی حمادہ سے ملاقات کیلئے جلبوع جیل کے باہر پہنچی۔ ادھر ترک صدر اردگان نے اسرائیلی ہم منصب ریوین ریولن کو فون کرکے مسجد اقصیٰ کے باہر نصب میٹل ڈیٹیکٹر اور رکاوٹیں فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہا کشیدگی کے خاتمہ کیلئے یہ ضروری ہے۔ قبل ازیں انہوں نے فلسطنی صدر محمود عباس سے فون پر بات کرتے ہوئے اسرائیلی اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔