فخرزمان کی ڈبل سنچری فخر پاکستان بن گئے زمبابوے کو چوتھے ون ڈے میں 244رنز سے شکست

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان نے فخرزمان کی ڈبل سنچری کی بدولت زمبابوے کو چوتھے ون ڈے میں 244رنز کے بڑے مارن سے شکست دیکر5میچوں کی سیریز میں4-0 کی برتری حاصل کر لی۔زمبابوے کی ٹیم 400رنز ہدف کے تعاقب میں 42.4اوورز میں155رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے4، فہیم اشرف اور عثمان خان نے2،2،جنید خان اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے ناقابل شکست210رنز بنانے پر فخر زمان کو مین اف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے(کل)اتوار کو کھیلا جائے گا۔جمعہ کوکوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ 50اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 399رنز بنائے۔ اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک روزہ میچ میں 304رنز کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔دونوں اوپنرز نے انتہائی پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں اور پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور عمران فرحت کے درمیان 228 رنز کی اوپننگ شراکت کا سابقہ ریکارڈ توڑا جب کہ کچھ ہی دیر بعد فخرزمان نے 150 کا ہندسہ عبور کیا اور 287 رنز کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 304 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم امام الحق 113 رنز بناکر آٹ ہوگئے۔فخر زمان نے انتہائی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور جارحانہ انداز میں نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان کی طرف سے سعید انور کا 194 رنز کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ڈبل سنچری بنائی، فخرزمان پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ایک روزہ میچ میں ڈبل سنچری بنائی۔ون ڈان آنے والے آصف علی نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور نصف سنچری مکمل کی جب کہ فخرزمان نے 156 گیندوں پر 210 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے، اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 399 رنز بنائے۔اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی پارٹنرشپ کا اعزاز محمد حفیظ اور عمران فرحت کے درمیان 228 رنز کا تھا جو انہوں نے 2011 میں زمبابوے کے ہی خلاف بنایا تھا جب کہ سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے تھرنگا اور جے سوریا کے پاس 286 رنز کا تھا جو انہوں نے 2006 میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔جواب میں زمبابوے کی ٹیم 400رنز ہدف کے تعاقب میں 42.4اوورز میں155رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔زمبابوے کی جانب سے ٹرائی پانو44،چگنمبرا37،ماسکدزا22اورمور20رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ فہیم اشرف اور عثمان خان نے2،2،جنید خان اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے ناقابل شکست210رنز بنانے پر فخر زمان کو مین اف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے(کل)اتوار کو کھیلا جائے گا۔
فخرزمان

ای پیپر دی نیشن