کراچی(سی پی پی) پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ محمد ثقلین نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم میں تبدیلی آنے لگی اوروہ بہتری کی جانب رواں دواں ہے۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی ٹیم میں مڈفیلڈر کھلاڑی رہنے والے محمد ثقلین نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم بتدریج بہتر اور اس کی مجموعی کارکردگی میں آہستہ آہستہ اضافہ ہورہا ہے، پی ایچ ایف کی جانب سے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی کوچ اولٹمنز کی خدمات حاصل کرنا بہت سود مند ثابت ہوا، ان کی آمد نے پاکستان ہاکی ٹیم میں ایک نئی روح پھونک دی، دنیا بھر میں اپنی کوچنگ کے سبب مقبولیت رکھنے والے اولٹمنز قومی کھلاڑیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹریننگ دے رہے ہیں جس کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔محمد ثقلین نے کہا کہ یہ امر خوش کن ہے کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی میں تیزی سے بہتری آرہی ہے، بدقسمتی سے ہم اپنی ہاکی بھول گئے تھے ۔لیکن اب ہماری ہاکی واپس آرہی ہے، کھلاڑیوں کی تکنیک میں زیادہ مسائل نھیں، البتہ ان کی فٹنس کے حوالے سے مشکلات ضرور ہیں لیکن اپنائے جانے والے لائحہ عمل کی بدولت یہ معاملہ بھی حل ہوتا چلا جارہا ہے، جلد ہی پاکستان ہاکی ٹیم جیت کے راستے پر چل نکلے گی۔انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بحیثیت مجموعی پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی، تکنیکی اعتبار سے پاکستان کو فائدہ ہوا، اپنے سے زیادہ بہتر عالمی رینکنگ کی حامل ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کرنے سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے اور ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کی کاکردگی میںبتدریج بہتری آرہی ہے،محمد ثقلین
Jul 21, 2018