لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے بقیاجات کی ادائیگی کے لیے وفاقی حکومت سے مدد مانگ لی ہے۔ پی ایچ ایف حکام کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان جسٹس ناصر الملک کو خط لکھا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ فیڈریشن قومی کھیل کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاہم فنڈز کی کمی کے باعث اس میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ فیڈریشن اس وقت ہر کھلاڑیوں کی تین تین لاکھ روپے کی مقروض ہونے کے ساتھ کوچز کو دینے کے لیے فنڈز نہیں ہیں۔ حط میں واضح کیا گیا ہے کہ قومی ٹیم نے رواں سال مزید دو اہم ترین انٹرنیشنل ٹورنامنٹس جن میں ایشین گیمز اور عالمی کپ ٹورنامنٹس شامل ہیں کی تیاری کے لیے کیمپ لگانے ہیں، اگر حکومت کی جانب سے فوری مالی امداد نہ کی گئی تو دونوں ٹورنامنٹس کی تیاری متاثر ہو سکتی ہے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپیئن شہباز احمد سینئر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ایشین گیمز کی تیاری کے لیے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ کراچی میں جاری ہے، کسی کھلاڑی نے بائیکاٹ کرنے کی دھمکی نہیں دی ہے، فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو اس بات کا یقین دلایا ہے کہ ان کے بقیاجات کی ادائیگی، حکومت سے فنڈز ملتے ہی کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ماضی میں ملنے والے تمام فنڈز کا آڈٹ کرا کے حکومت کو جمع کرا رکھا ہے۔
مالی مسائل ‘پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وفاقی حکومت سے مدد مانگ لی
Jul 21, 2018