شفاف انتخابات ہوئے تو مرکز‘ پنجاب‘ خیبر پی کے میں حکومت بنائیں گے : شہبازشریف

Jul 21, 2018

لاہور/فیصل آباد/سوات/ پشاور (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ بیورورپورٹ+نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا جائے تو دل پر کیا گزرتی ہے۔ 25 جولائی کو نواز شریف کے شاہین فجر کی نماز کے بعد شیر پر ٹھپے لگائیں گے۔ کسی نے ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے کی کوشش کی تو ملک کیلئے اچھا نہیں ہو گا۔ مینگورہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کے ساتھ پاکستان آئے، شاید کبھی دیکھا ہو ایک باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا جائے، عمران خان نے خیبر پی کے میں منفی 8 میگاواٹ بجلی پیدا کی، مسلم لیگ ن کی حکومت نے 11 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی۔ وعدہ کرتا ہوں الیکشن میں کامیاب ہوئے تو مالاکنڈ ڈویژن کا مجھ پر پہلا حق ہو گا۔ سال 2013ءمیں پی ٹی آئی کے چیئرمین نے وعدہ کیا کہ پورے پاکستان کو بجلی مہیا کروں گا۔ سوات میں بھی اسی طرح خدمت کروں گا جیسے لاہور میں عوام کی خدمت کی۔ دانش سکول ہو، ہسپتال ہو یا ٹرانسپورٹ تمام سہولتیں آپ کے حوالے کریں گے۔ پشاور کے میٹرو بس کا حال آپ کے سامنے ہے۔ لاہور کا میٹرو 30 ارب میں بنا، پشاور کا میٹرو پراجیکٹ ساڑھے 68 ارب پر پہنچ گیا۔ میں تو بڑے فخر سے کہتا ہوں کہ پشاور اور کراچی کو لاہور بنا دوں گا۔ خان صاحب کیا آپ کہہ سکتے ہیں کہ موقع ملا تو خیبر پی کے کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بنا دوں گا۔ سوات میں چھوٹے چھوٹے ہزاروں ڈیم بن سکتے ہیں، جو ہم بنا کر دیں گے۔ عمران خان آپ نے خیبر پی کے کا بیڑہ غرق کر دیا۔ میں پہلے پختون بعد میں پنجابی ہوں۔ دہشت گردی کے دور میں سوات کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دیں۔ سوات میں سڑکیں بھی ہونگی اور کیبل کار بھی بنا کے دوں گا۔ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ پشاور میں میٹرو نہیں بنائیں گے۔ پشاور میں میٹرو بس سروس کیلئے پی ٹی آئی کی حکومت نے قرضہ لیا۔ ہم نے یہاں ہسپتال بنایا کوئی احسان نہیں کیا لیکن خیبر پی کے حکومت نے ہسپتال نہیں بنایا۔ قبل ازیں محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز پشاور میں بلور فیملی سے تعزیت کی۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شرط اول ہے۔ دعا ہے اللہ پاکستان مں امن قائم کرے۔ امن کے بغیر پاکستان میں خوشحالی نہیں آ سکتی۔ بلور خاندان کی پاکستان کیلئے قربانیاں ہیں۔ دہشتگردی پر بہت حد تک قابو پایا گیا ہے ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جانا ہو گا۔ ہمیں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔ پاکستان میں دائمی امن قائم نہیں ہو گا تو پاکستان میں غربت کا خاتمہ خواب بن کر رہ جائے گا۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔ پنجاب کی نگران حکومت پی ٹی آئی کے اشارورں پر ناچ رہی ہے اور اسی کے احکامات مان رہی ہے۔ نواز شریف کی آمد کے موقع پر نگران حکومت نے سینکڑوں لوگوں کو گرفتار کیا پورا لاہور نواز شریف کے استقبال کیلئے امڈ آیا تھا۔ امیر مقام 3 ہزار کارکنوں کے ساتھ پشاور سے لاہور آئے۔دہشت گردی کے خلاف عوام، فورسز اور پوری قوم نے اپنا حصہ ڈالا ہے۔ الیکشن کمشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ نیب صرف اور صرف ن لیگ کو دیوار سے لگانے کیلئے کارروائیاں کر رہا ہے۔ ہماری نیب میں پیشیاں ہو رہی ہیں اور وہ پیسٹریاں کھا رہے ہیں۔ ہماری ریلی کے کارکنوں پر دہشتگردی کی دفعات لگا دی گئیں۔ اٹک میں شدید بارش کے باوجود بھی ہماری جلسہ گاہ بھری ہوئی تھی۔ عمران خان کو بہتان خان اس لئے کہتا ہوں کہ وہ جھوٹ بولتے اور الزام لگاتے ہیں۔ عمران خان کے جلسے ناکام رہے۔ جمعرات کو عمران خان کی ریلی میں ہجوم نہیں تھا۔ نیب صرف مسلم لیگ ن کے پیچھے ہے۔ بے شمار جگہوں پر نیب اور دوسرے پریشر سے ہمارے الیکٹیبلز توڑے گئے۔ یہ الیکشن ہم جیتیں گے۔ امیر مقام خیبر پی کے میں وزیراعلیٰ ہوں گے۔ شفاف انتخابات ہوئے تو پنجاب، مرکز اور خیبر پی کے میں حکومت بنائیں گے۔ اگلے 5 سال میں پاکستان کو ترکی اور ملائشیا کے ہم پلہ کردیں گے۔ اللہ نے موقع دیا تو کراچی، کوئٹہ اور پشاور کو لاہور بنا دیں گے۔ عمران خان نے خیبر پی کے میں ہسپتال، سکول اور سڑکیں نہیں بنائیں۔ کیا خان صاحب یہ کہہ سکتے ہیں کہ لاہور کو پشاور جیسا بناﺅں گا۔ شہباز شریف نے کہا پنجاب کی نگران حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، دونوں ایک ہی ہیں۔ پنجاب حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔ اتنا کھل کر مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانا کہاں کا انصاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوا ہمارے حق میں چل پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا نے ٹی وی چینلز پر پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ الیکشن جیتیں گے، شفاف الیکشن ہی ترقی کا راز ہے۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا ہم نے تمام تر ناانصافیوں کے باوجود انتخابی مہم چلانے کی کوشش کی ہے ۔ مجھے میاں مٹھو بننے کی عادت نہیں لیکن صاف اور شفاف الیکشن ہونے پر مسلم لیگ ن جیتے گی اور ویسے بھی اقوام عالم میں پاکستان کا نام بنانے کے لئے صاف اور شفاف الیکشن بے حد ضروری ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت اور تحریک انصاف میں کوئی فرق نہیں، پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ تحریک انصاف کے طفیلی کارکن بنے ہوئے ہیں۔ عمران خان نے لاہور میٹرو کے خلاف جنگلہ بس کا پروپیگنڈہ کیا لیکن پشاور میں میٹرو شروع کر دی۔ لاہور میٹرو 30 ارب روپے میں بنی، پشاور میٹرو کا تخمینہ 68 ارب تک پہنچ گیا ہے۔ اگر نیب کو مسلم لیگ ن سے فرصت ہوتی تو اس فراڈ کا نوٹس لیتا۔ پنجاب میں جھاڑو بھی خریدیں تو انکوائری شروع ہو جاتی ہے۔ اگر ایسا فراڈ پنجاب میں ہوتا تو ہمیں کالے پانی بھیج دیا جاتا۔ لاڈلا کچھ بھی کرے اسے کھلی چھوٹ ہے جبکہ ہمارے ورکرز پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی جاتی ہیں۔ الیکشن مہم میں صرف تین دن رہ گئے ہیں لیکن نیب کی ساری کارروائیاں مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانے کے لیے ہو رہی ہیں۔ ہماری نیب میں پیشیاں ہو رہی ہیں جبکہ وہ لوگ پیسٹریاں کھا رہے ہیں۔ پشاور میٹرو کا ٹھیکہ ایک بلیک لسٹ کمپنی کودے کر فراڈ کیا گیا۔ کیا نیب کو یہ فراڈ نظر نہیں آتا؟ میں پشاور ہائی کورٹ کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے جھوٹے خان کا پردہ فاش کیا۔ کے پی کے غیور عوام اب جھوٹ برداشت نہیں کریں گے، میں پوچھتا ہوں اب نیب کہاں ہے؟ لاڈلے کی اتنی بڑی ڈکیتی پکڑی گئی اس کو کوئی بلاتا نہیں۔ لیکن اگر اللہ نے موقع دیا تو یہ منصوبہ ہم مکمل کرکے دکھائیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سارے کرپٹ لاڈلے کی پارٹی میں پہنچ گئے ہیں۔ ایک طرف نیوکلیئر طاقت ہیں دوسری طرف بھکاری نہیں ہوسکتے۔ ہم تعلیم اور صحت سمیت ہر میدان میں بھارت کو شکست دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو تمام سازشیں دم توڑ جائیں گی۔ ہم ووٹر کی عزت اور ووٹ کا احترام چاہتے ہیں، الیکشن کمشن کو فری اینڈ فئیر انتخابات کو یقینی بنانا چاہیے۔ نیشنل ایجنڈا اور قومی ڈائیلاگ وقت کی ضرورت ہے۔ ووٹ کی عزت خدمت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جلسے اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، شدید بارش کے باوجود اٹک جلسے میں عوام کا سمندر تھا، راجن پور جلسہ میں بھی عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھا، دوسری جانب عمران خان کے جلسے مسلسل فلاپ ہو رہے ہیں، ان کے جلسوں میں کرسیاں تو لگائی جاتی ہیں لیکن بندہ کوئی نہیں ہوتا۔ پشاور خوشبوو¿ں کا شہر تھا لیکن عمران خان نے پشاور کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے،بہتان خان کہتا تھا کہ میں پشاور میں جنگلہ بس نہیں بناو¿ں گا بلکہ کالج، یونیورسٹی، ہسپتال بناو¿ں گا تاہم وہاں نہ کالج بنے، نہ ہسپتال بنے، نہ یونیورسٹی بنی اور میٹرو بس پر تنقید کرتے رہنے کے عادی شخص نے پشاور کی عوام کو میٹرو بس کے نام پر 70ارب روپے کے کھڈے دیے۔جب ہم نے پنجاب میں ہسپتال بنائے تو عمران خان نے پشاور کے ایک پرائیوٹ ہسپتال کا جعلی اشتہار چلا دیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا ہمیں دنیا میں اپنا مقام بنانا ہے تو ووٹ کی پرچی کو عزت دینی ہوگی۔ نواز شریف اسی ووٹ کی عز ت کی خاطر وطن واپس آئے۔وہ جانتے تھے کہ انہیں جیل بھیجا جائے گا اس کے باوجود وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا اہلیہ کو چھوڑ کر اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ واپس آئے اور عوام نے بھی نواز شریف کا پرتباک استقبال کر کے اپنی محبت کا ثبوت دیا، یوں محسوس ہوتا تھا کہ پورا لاہور امڈ آیا ہے۔عوام کا سمندر لاہور کی سڑکوں پرتھالیکن ایک گملاتک نہیں ٹوٹا لیکن ہمارے پر امن استقبال کے باوجود ہم پر دہشت گردی کے پرچے درج کیے گئے ہیں۔ میڈیا نے بھی دباو¿ میں آکر 13جوالائی کی تاریخی ریلی کا بلیک آو¿ٹ کیا لیکن عالمی میڈیا جانبداری کی گواہی دے رہا ہے۔ قبل ازیں پشاور ائیرپورٹ پہنچنے پر گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا، مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام سمیت دیگر مقامی رہنماو¿ں نے ان کا استقبال کیا۔ شہباز شریف ائیرپورٹ سے سیدھا بلور ہاو¿س گئے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف آج سرگودھا کی تحصیل سلانوالی میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔ شہباز شریف بذریعہ ہیلی کاپٹر سلانوالی پہنچیں گے۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے فیصل آباد سلیمی چوک میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں دس ماہ میں میٹرو بنا¶ں گا اور اس شہر کو لاہور کی طرح پیرس بنا¶ں گا۔ ملک کو ملائیشیا اور ترکی بنا¶ں گا۔ نوازشریف کو ماں سے نہ ملنے دیا کہ نوازشریف کا یہ قصور ہے کہ اس نے پاکستان کو موٹروے دیں۔ سی پیک دیا، بجلی دی، ایٹمی طاقت بنایا، اگر یہ نوازشریف کا قصور ہے تو یہ قصور ہم کرتے رہیں گے۔ ہم نے پچھلے پانچ سال جو آپ کی اس شہر میں خدمت کی ان میں کینال ایکسپریس وے، پکی سڑکیں، کسانوں کو بلاسود قرضے، غریبوں کے لئے دانش سکول، غرباءکے بچوں کے لئے 17ارب کے وظیفے، ضلع کے ہر ہسپتال کو پیرس جیسا بنایا۔ الزام خان نے خیبر پی کے کا بیڑہ غرق کر دیا جو میٹرو ہم 30ارب کی بنائی اس نے 38ارب کی بنائی، ہمارے میٹرو 27کلومیٹر اس کی 26کلومیٹر۔ اس نے بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ دے کر اس منصوبے کو 78ارب تک پہنچا دیا۔ اس نے خیبر پی کے کا بیڑہ غرق کر کے تمہارے پنجاب کا بھی بیڑہ غرق کرنا چاہتا ہے۔ میں نے ملک کے لئے پسینہ بہایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سو ارب بچائے اگر یہ جرم ہے تو میں نے کیا ہے۔ اگر اللہ نے موقع دیا تو پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا بنا¶ں گا، ہندوستان کو پیچھے چھوڑیں گے۔ ہفتہ اتوار کو بھی کام کریں گے اور انڈیا کو ہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹے خان عرف بیت الخلائی مخلوق نے سارے کرپٹ لوٹے اکٹھے کر لئے جس سے وہ ملک تباہ کرنا چاہتا ہے تم وعدہ کرو 25جولائی کو شیر پر مہر لگا کر 26جولائی کے سورج کو ملک کے لئے ایک نئی صبح کے آغاز میں میرا ساتھ دو گے۔ آخر میں ایک بات اگر کوئی ایم این اے یا ایم پی اے آپ کے حلقہ میں نہیں آیا تو اسے میری خاطر معاف کر دو اور شیر کو ووٹ دو۔ آئندہ یہ آپ کے حلقے میں نہ صرف نظر آئیں گے بلکہ ریکارڈ ترقیاتی کام بھی کروائیں گے۔ ہم 26جولائی کو منتخب ہو کر پرانی سبزی منڈی یونیورسٹی آپ کے حوالے کریں گے۔ دس ماہ میں میٹرو بس بنا کر دیں گے یہ میرا وعدہ ہے۔ ایک وعدہ آپ بھی کریں کہ ہمیں کامیاب کروا کر اپنے قائد نوازشریف اور مریم نواز کو جیل سے آزاد کروانے میرا ساتھ دو گے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی سے نہیں روک سکتی۔اس موقع پر مقامی قیادت نے بھی شرکاءجلسہ سے خطاب کیا۔اگر ملک کو بھارت سے آگے نہ نکالا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، خیبر پی کے سے آ رہا ہوں جسے جھوٹے خان نے تباہ کر دیا ہے، عوام وعدہ کریں ملکر ملک سے غربت اور بیروزگاری ختم کریں گے۔ لوٹوں کا اصل ٹھکانہ بیت الخلا ہے 25 جولائی کو ان کو وہیں پہنچائیں گے۔ میرے خلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو عوام کا ہاتھ میرا گریبان ہوگا۔

شہباز شریف

مزیدخبریں