سرکاری اراضی اوپن آکشن کے ذریعے لیز پر دی جائیگی‘ پولیس الائونس بحال

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پولیس کا 2005 سے منجمد فکس ڈیلی الائونس 2013 کی شرح کے مطابق بحال کرنے کی منظوری دی گئی۔ پولیس کے ساتھ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس اورٹریفک وارڈنز کو بھی فکس ڈیلی الاؤنس 2013ء کی شرح سے ملے گا۔ اجلاس میں کیڈرپوسٹ پر تعینات سول افسروں کیلئے ایگزیکٹو الائونس کی منظوری د ی گئی۔ سول افسروں کو ان کی بنیادی تنخواہ کے1.5گنا کے تناسب سے ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کابینہ نے سول سیکرٹریٹ کے گریڈ ایک تا 16 ملازمین کیلئے بنیادی تنخواہ کے 1.5گنا کے تناسب سے خصوصی الائونس ‘ چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی اور اس ضمن میں آئندہ سے زمین شفاف طریقے سے الاٹ کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے سکروٹنی کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ چولستان میں پی پی ایل کو تیل کی تلاش کے لئے اراضی دینے‘ حالیہ بارشوں، طوفان اورژالہ باری کے باعث کاشتکاروں کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے امدادی پیکیج کی منظوری دی گئی۔27 اضلاع کے 55 متاثرہ دیہات کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا،آبیانہ اور مالیہ معاف ہوگا۔ وزیر اعلی نے دریائے جہلم سے بعض علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔ پنجاب کی پہلی سیاحتی پالیسی کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں میٹرک اورایف اے، ایف ایس سی کے امتحانات کے لئے گریڈنگ سسٹم مرحلہ وار متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلا مرحلہ نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امتحانات کیلئے گریڈنگ سسٹم یکساں نظام تعلیم کی جانب اہم قدم ہے جس سے رٹہ سسٹم کا خاتمہ ہوگا۔ ایسا نظام تعلیم دیں گے کہ ہمارے بچے انٹرنیشنل لیول پر مقابلہ کرسکیں۔ سرکاری اراضی ڈسپوزل پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے آئندہ سے سرکاری اراضی اوپن آکشن کے تحت لیزپر دینے کی منظوری دی۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی سیالکوٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران کی نامزدگی‘ مالی سال2016-17اور2018-19کے پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس کی آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے مرتب کی جانیوالی آڈٹ رپورٹس کی منظوری دی گئی۔صوبائی کابینہ کے 13ویں اور14ویں اجلاسوں کے منٹس ‘ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 10ویں اور11ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ نے لینڈلیز پالیسی کے تحت صوبے کے30اضلاع میں ایک لاکھ 20ہزار 7سو ایکڑ زمین کسانوں کو الاٹ کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ زمین لیز پر دینے کے حوالے سے پہلے محکمہ ریونیو جو عام آدمی کو تنگ کرتا تھا اب اس پالیسی کے تحت اس کی جان محکمہ ریونیو سے چھڑا دی گئی ہے۔ عارضی کاشت لیز کے حوالے سے بھی پالیسی وضع کردی گئی ہے۔ آئندہ لیز کی مدت ایک سال کی بجائے تین سال ہوگی۔ صوبائی وزیر نے میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ مال روڈ پر احتجاج کے حوالے سے ہائی کورٹ کا واضح فیصلہ موجود ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق یہاں جلسے جلوس نہیں ہوسکتے - اپوزیشن کے احتجاج کا واضح مقصد اپنی کرپشن کو چھپانا ہے لیکن ان کی لوٹ مار عوام کے سامنے آچکی ہے ۔ کوئی امیر ہویا غریب قانون سے بالاتر نہیں - جیل مینول کے مطابق تمام قیدیوں سے یکساں سلوک ہونا چاہیے۔ اگر کوئی جرم کرنے کے بعد جیل میں سہولت لیتا ہے تو اس طرح تو عدل کا نظام نہیں چل سکتا۔ ایک جماعت کے سیاسی لیڈر کی خدمت کیلئے جیل میں ہر وقت 20 کے قریب ڈاکٹر موجود ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کسی صورت بڑھنے نہیں دی جائیں گی - گھی پر جو ٹیکس 2 سے بڑھاکر 7 فیصد کیاگیا تھا وہ واپس لے لیاگیاہے - روٹی کی قیمت 6 روپے اور نان 12 روپے میں ہی فروخت ہوگا۔ 20 کلو آٹے کا تھیلہ 770 روپے میں ملے گا۔ اگر کسی نے قیمتیں بڑھانے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ اپوزیشن نیب میں جتنے کیسزکا سامنا کر رہی ہے یہ ہم نے نہیں بنائے بلکہ یہ تمام کیسز پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتوںنے اپنے ادوار میں ایک دوسرے کے خلاف درج کروائے ہیں۔ جس نے بھی قوم کا پیسہ کھایا ہے اسے ہر صورت واپس کرنا ہوگا۔ سرکاری افسروں سے خطاب میں عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ہر افسرشفافیت ،فعالیت ،ایمانداری ،خود احتسابی اورملک و قوم کی خوشحالی کیلئے کام کرے ۔اب باتیں بنانے یا سستی کی کوئی گنجائش نہیں ۔وطن کو عظیم تر بنانے کیلئے پوری قوم کو متحرک کرنا ہوگا۔عوام کی فلاح وبہبود ،گڈ گورننس اورمالی شفافیت کیلئے بھر پور کردارادا کرنے والے افسروں پر ناز ہے ۔ کپتان کے لئے ٹیم کا انتخاب بے حد اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ میری ٹیم میں لوگ سفارش کی بنا پر نہیں آئے بلکہ خداداد صلاحیتوں کی بدولت ٹیم کا حصہ بنے۔ حکومت پنجاب کی نیک نامی اورساکھ بنانے میں کردارادا کرنے والوں کو فراموش نہیں کرسکتا۔ عثمان بزدار نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ سپورٹس کمپلیکس میں قائم ای لائبریری گئے اور ڈیجیٹل لرننگ روم اور آڈیٹوریم کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی نے ای لائبریری میں نوجوانوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلی نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ آپ کو کوئی مسئلہ ہے تو بتائیں ، فوری حل کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن