کراچی(سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے برطانیہ میں ہونے والے رائل انٹر نیشنل ائیر ٹیٹو شو 2019 کے مقابلے میں شریک پاک فضائیہ کے ہرکولیس C-130 طیارے کا معائنہ کیا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے اس شو میں شامل دیدہ زیب ڈیزائن اور پینٹنگز سے مزین C-130 گزشتہ روز یہاں پہنچا۔ نمبر 6 سکواڈرن کا یہ ہرکولیس طیارہ کنکورز ڈی ایلیگینس ٹرافی(Concours D' Elegance trophy) کے لئے مقابلے میں شریک ہے۔ اس ائیر شو کے دروازے آج سے عوام کے معائنے کے لئے باقاعدہ طور پر کھول دیئے گئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کی ٹیم کو اس میگا ایونٹ میں مادروطن کا نام روشن کرنے پر بھر پور داد دی۔ انہوں نے عملے کو اس طیارے کو مشہور ومعروف آرٹسٹ گروپ کیپٹن (ریٹائرڈ) حسینی کی پینٹنگز سے مزین کرنے پربھی سراہا۔بعد ازاں انہوں نے 6مختلف ممالک سے اس شو میں مدعو اپنے ہم منصب اور مختلف ایوی ایشن انڈسٹریز سے شریک اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ رائل انٹر نیشنل ائیر ٹیٹو شودنیا کا سب سے بڑا ائیر شو ہے جو ہر سال برطانیہ میں منعقد کیا جاتاہے۔ اس شو میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ سے زائد مندوبین اورہوا بازی کے شوقین افراد نے دنیابھر سے شامل ائیر کرافٹس کا زمینی اور فضائی مظاہرہ دیکھا۔